|

وقتِ اشاعت :   January 6 – 2021

گوادر:  بی اے پی کی حکومت گوادر میں عوامی منصوبوں کی تکمیل کی تاریخ رقم کررہی ہے۔ 85 سے بر سر اقتدار ٹولہ عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی میں ناکام رہا۔ کلانچی پاڑہ کے مکینوں کو تمام تر بنیادی سہولیات فراہم کرنے کی کوشش کی جائے گی۔

ان خیالات کا اظہار بی اے پی کے رہنماؤں سابقہ نگران صوبائی وزیر میر نوید کلمتی اور قبائلی شخصیت ہوت عبدالغفور نے کلانچی پاڑہ میں بجلی کی فراہمی کے منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت وزیر اعلی بلوچستان جام کمال خان عالیانی کی قیادت میں صوبے کے عوام کی حقیقی معنوں میں خدمت کررہی ہے۔

ضلع گوادر میں وزیر اعلی کی کاوشوں سے ترقیاتی منصوبوں کا جال بچھایا گیا ہے اور اربوں روپے کی لاگت سے ضلع بھر میں تعلیم، صحت، پانی کی فراہمی اور کھیلوں کے فروغ کے لئے منصوبوں کی تکمیل کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ضلع گوادر کی سیاسی تاریخ میں پہلا موقع ہے کہ صوبائی حکومت یہاں پر عوامی نوعیت کے منصوبوں کی تکمیل کررہی ہے جس کی مثال ماضی میں نہیں ملتی۔

انہوں نے کہا کہ جیونی میں پانی کی فراہمی کے لئے دیرپا منصوبہ بندی کی جارہی ہے، اگلے سال کے مالی سال کے پی ایس ڈی پی میں یہ منصوبہ شامل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بی اے پی کی حکومت کی کاوشوں سے سنگار ہاوسنگ اور نیوٹاون ہاوسنگ اسکیم میں عوامی نوعیت کے منصوبے تیزی سے مکمل کئے جارہے ہیں، بے اے پی کی حکومت نے عوام سے جو وعدے کئے وہ پورے کئے جارہے ہیں۔

غیر قانونی ٹرالرنگ مقامی ماہی گیروں کے لئے روزگار کے ذرائع ختم کررہاہے اور جو بھی اس میں ملوث ہے وہ ماہی گیر دشمن ہیں، بارڈر ٹریڈ سے لاکھوں لوگوں کا روزگار وابستہ ہے اس پر بندش لگانے کی بجائے اسے قانونی حیثیت دی جائے۔

انہوں نے کہا کہ 85 سے یہاں کی نمائندگی کرنے والے عوامی نمائندوں نے عوام کو مایوسی کے سوا کچھ نہیں دیا ہے لیکن بی اے پی کی حکومت جام کمال خان عالیانی کی قیادت میں عوام کے معیار زندگی کو بہتر سے بہتر بنانے کی کوشش کررہی ہے۔

کلانچی پاڑہ کے مکینوں کو بھی تمام تر بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لئے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔ تقریب سے کلانچی پاڑہ ایکشن کمیٹی کے چیئرمین صداقت بلوچ اور ایوب کلانچی نے بھی خطاب کیا۔