|

وقتِ اشاعت :   January 6 – 2021

وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال کا کہنا ہے کہ سانحہ مچھ میں ملوث دہشت گرد عناصر کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔

کوئٹہ میں وزیراعلیٰ سیکریٹریٹ میں وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال کی زیرصدارت صوبےمیں امن وامان کی صورتحال سے متعلق اعلیٰ سطح کا اجلاس جاری ہے جس میں چیف سیکریٹری فضیل اصغر، اعلیٰ سول، فوجی اور انتظامی حکام شریک ہوئے۔

اجلاس میں بلوچستان میں امن وامان سےمتعلق صورتحال سمیت وزیراعلیٰ بلوچستان کو سانحہ مچھ کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی اور مچھ واقعےکے بعد کی صورتحال پر غور کیا گیا۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ سانحہ مچھ کے دہشت گردوں کو ہر صورت کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔

اجلاس میں صوبے میں امن وامان سے متعلق اہم فیصلے بھی متوقع ہیں۔

واضح رہے کہ 3 جنوری کو بلوچستان کے ضلع بولان کے علاقے مچھ کی کوئلہ فیلڈ میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا تھا جس میں نامعلوم دہشت گردوں نے کان کنوں کو پہاڑوں پر لے جا کر ان پر فائرنگ کر دی تھی جس کے نتیجے میں 11 کان کن جاں بحق جبکہ 4 زخمی ہو گئے۔