|

وقتِ اشاعت :   January 8 – 2021

کوئٹہ: بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے چیف ایگزیکٹو فرمان زرکون نے کہا ہے کہ لائیو اسٹا ک کا شعبہ بلوچستان کی ترقی میں بنیادی اہمیت کا حامل ہے، اس شعبے میں سرمایہ کاری کو فروغ دیکر کثیر زرمبادلہ حاصل کیا جا سکتا ہے۔

ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ صوبے کی زرعی آمدن میں لائیو اسٹاک کا حصہ47 فیصد ہے جبکہ بلوچستان کی 93 فیصد سے زائد زمین اس کیلئے موزوں ہے،یہاں 6 زرعی ماحولیاتی زون پائے جاتے ہیں، انہوں نے کہا کہ جانوروں کی پرورش اور ڈیری فارمنگ،کراس بریڈنگ،گوشت اور دودھ کی پیداوار،فیڈ ملز،جانوروں کی افزائش کی خاطر پودے اگانے کیلئے وسیع اراضی دستیاب ہے۔

اسکے علاوہ لائیو اسٹاک کے متعدد زونز تعمیر کئے جا رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی معیشت کا20 فیصدحصہ لائیو اسٹاک پرمنحصر ہے،یہاں کے تمام مویشی نامیاتی اور دیسی نسل کے ہیں جسکے باعث بین الاقوامی سطح پر انکی کافی مانگ ہے۔

انہوں نے کہا کہ حلال گوشت کی پیداوار کے شعبے میں سرمایہ کاری کے بے شمار مواقع ہیں، ماڈرن سلاٹر ہاؤسز اور میٹ پروسیسنگ یونٹس قائم کئے جا سکتے ہیں، انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان لائیو اسٹاک کے شعبے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔