کوئٹہ: گورنر بلوچستان امان اللہ خان یاسین زئی نے کہا ہے کہ پل پل بدلتی دنیا میں جدید وقت کے تقاضوں اور انسانی ضروریات کو مدنظر رکھ کر ہی قلیل، درمیانہ اور طویل المدت منصوبوں کا صحیح اور بروقت تعین کیا جا سکتا ہے۔
اس ضمن میں صوبے بھر کے تمام اضلاع بالخصوص دورافتادہ علاقوں کے عوام کو زندگی کی بنیادی سہولیات ان کی دہلیز پر پہنچانا موجودہ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز گورنرہاوس کوئٹہ میں تحریک انصاف کے صوبائی رہنما نواب خان دومڑ کی قیادت میں وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا. اس موقع پر گورنر یاسین زئی نے کہا ہے صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل سے بہت جلد مثبت نتائج برآمد ہوں گے۔
وفد نے گورنر بلوچستان کو لورالائی اور سنجاوی کے عوام کو تعلیم، صحت اور صاف پینے کے حوالے سے درپیش مسائل ومشکلات سے آگاء کیا۔گورنر بلوچستان نے انکے مسائل کو غور اور توجہ سے سنا اور ان کے پائیدار حل کیلئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی. بعدازاں گورنربلوچستان سے مختلف اضلاع کوئٹہ، پشین، قلعہ عبداللہ اور زیارت کے زکوٰۃ چیئرمین پر مشتمل وفد نے بھی علیحدہ ملاقات کی۔