|

وقتِ اشاعت :   January 10 – 2021

سبی: پاکستان مسلم لیگ بلوچستان کے قائم مقام صدر و سابق اسپیکر صوبائی اسمبلی بلوچستان جمال شاہ کاکڑ نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم سلیکٹڈحکمرانوں کے لیے نوشتہ دیوار بن چکی ہے ،موجودہ مہنگائی و بے روزگاری نے عوام کی چیخیں نکال دی ہیں،موجودہ دور میں کوئی بھی میگا پروجیکٹ نہیں دیا ہے حکمران مرغی اور انڈئے کے فلسفے سے نکل نہیں پائے ہیں ،پی ڈی ایم ملک میں آئین و پارلیمنٹ کی بالادستی چاہتی ہے۔

ووٹ اور عوام کے فیصلے کو جب تک عزت نہیں دی جائے گی گڈ گورننس کا سوال ہی پیدا نہیں ہوسکتا ہے،تباہ شدہ معیشت کی وجہ سے ملک میں انارکی کا عالم پایا جارہا ہے ،مسلم لیگ بلوچستان میں مستحکم و فعال ہورہی ہے کسی کے جانے سے پارٹیاں ختم نہیں ہوتی ہیں سردار یعقوب خان ناصر کی جمہوریت اور جمہوری نظام کے لیے قربانیاں ناقابل فراموش ہیں ،سینٹ انتخابات کے بائیکاٹ کا فیصلہ پی ڈی ایم کی قیادت کرئے گی۔

پی ڈی ایم میں اختلافات کا پروپگینڈہ پھیلانے والے جمہوری تحریک سے خوفزدہ ہوچکے ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ ن بلوچستان کے صوبائی رہنماء میر اصغر خان مری کی رہائش گاہ پر ان کے ہمراہ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا اس موقع پر مسلم لیگ ن بلوچستان کے نائب صدراسدسمالانی ، جوائنٹ سیکرٹری نصیر احمد اچکزئی،میڈیا سیل انچارج عبدالشاکر،میر اصغر خان مری،خلیل احمد،ضلع سبی کے صدر منیر احمد بگٹی۔

ضلعی ترجمان ظہور احمد مگسی،میر ثناء مری و دیگر موجود تھے،اس موقع پر پاکستان مسلم لیگ بلوچستان کے قائم مقام صدر و سابق اسپیکربلوچستان اسمبلی جمال شاہ کاکڑ نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم میں کسی قسم کے اختلافات موجود نہیں ہیں بلکہ پی ڈی ایم کی تحریک سے خوفزدہ عناصر اس قسم کے پروپگینڈوں کو ہوا دئے رہے ہیں ،پی ڈی ایم ملک میں آئین و قانون اور پارلیمنٹ کی بالادستی چاہتی ہے۔

موجودہ حکمرانوں کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے آج ملک کی معیشت تباہ ہوچکی ہے انڈئے اور مرغی کے فلسفے پر یقین رکھنے والے نااہل سلیکٹڈ حکمرانوں نے عوام کو صرف سبز باغ دکھائے ہیں جو حکمران انڈئے اور مرغی کے فلسفے سے آج تک نکل نہیں پائے ہیں ان سے کسی میگا پروجیکٹ کی کیا امید رکھی جاسکتی ہے آج بھی جتنے میگا پرجیکٹس کا افتتاح کیا جارہا ہے۔

یہ میاں نوازشریف کے شروع کردہ پروجیکٹ تھے انہوں نے کہا کہ ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی و بے روزگاری نے عوام کی چیخیں نکال دی ہیں اور عوام نان شبینہ کے محتاج بن چکے ہیں پی ڈی ایم کی تحریک حکمرانوں کے لیے نوشتہ دیوار بن چکی ہے۔

اور جب تک سلیکٹڈ حکمرانوں کو گھر نہیں بھیجیں گے تب تک ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے انہوں نے مزید کہا کہ پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں کے صوبائی و قومی اسمبلیوں کے منتخب نمائندوں نے اپنے اپنے استعفیٰ اپنی جماعتوں کی قیادت کو دے دیئے ہیں۔

جبکہ یہ استعفیٰ لانگ مارچ میں پی ڈی ایم کی قیادت فیصلہ کرنے کے بعد قومی و صوبائی اسمبلیوں کے اسپیکرز کودیئے جائیں گے جس کے بعد قومی و صوبائی اسمبلیوں میں دوتہائی منتخب نمائندے نہیں ہوں گے۔

اور سینیٹ کے الیکشن بھی غیر آئینی ہوں گے انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم میں شامل تمام جماعتیں ایک پیج پر متفق ہیں اور ملک کے عوام کو موجودہ سیاسی معاشی و اقتصادی بحران سے نکال کر ہی دم لیں گے انہوں نے مزید کہا کہ مسلم لیگ ایک ملک گیر سیاسی جماعت ہے۔