|

وقتِ اشاعت :   January 10 – 2021

کوئٹہ: جماعت اسلامی کے صوبائی امیر مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی اس ملک کو اسلامی بناکر قوم کو مسائل ومشکلات سے نجات دلائیگی بلوچستان کو حق دیکر ہی پاکستان ترقی کرسکتا ہے فرقہ واریت ،بدعنوانی اور امریکی مداخلت مسائل کے جڑہیں ملک میں فحاشی ،عریانی اور بے حیائی تمام حدیں پھلانگ گئی ہے ۔ جرائم پر قابو پانے اور مجرموں کو نشان عبر ت بنانے کیلئے شریعت کی مقرر کردہ سزائوں پر عمل درآمد ضروری ہے ۔

انہوںنے کہا کہ حکومت دانستہ طور پر قرآن و سنت کی تعلیمات کی مخالفت کررہی ہے ۔نصاب میں تبدیلی اورختم نبوت قانون کو چھیڑنے کے خطرناک نتائج نکلیں گے قادیانیوں کیلئے نرم گوشہ حکمرانوں کو مہنگا پڑے گا ۔ملک کے بائیس کروڑعوام قرآن وسنت کے خلاف کسی قانون کو کسی صورت قبول نہیں کریں گے اس ملک کو صرف اسلامی نظام ہی تباہی وبربادی سے بچاسکتا ہے۔

ملک اسلام کے نام پر بنا ہے لیکن اب سیکولر بے دین اسلام وملت دشمن قوتیں اسلامی نظریے کے خلاف سازش کر رہی ہے ۔معاشر ے میں جرائم کی شرح ناقابل برداشت ہوچکی ہے ۔اخلاقی جرائم کے ساتھ ساتھ بچوں اور بچیوں کے اغوا ،زیادتی اور قتل کے واقعات نے والدین کی نیندیں اڑا دی ہیں۔

حکومت میں بیٹھے ہوئے سیکولرازم کے پیرو کار اور مغرب کے ذہنی غلام زیادتی کے مجرموںکو سرعام پھانسیوں کی مخالفت کرکے معاشرے کو اسی بدامنی اور انتشار کا شکار رکھنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر دوچار جنسی درندوں کو سرعام پھانسیوں پر لٹکا دیا جائے تو پورے ملک میں ایسے جرائم پر قابو پایا جاسکتا ہے۔ جب تک دنیا کو خوش کرنے کیلئے اللہ کی نافرمانی کا رویہ نہیں چھوڑا جاتا اور شرعی سزائوں کو نافذ نہیں کیا جاتا جرائم کا خاتمہ نہیں ہوسکتا ۔