|

وقتِ اشاعت :   January 11 – 2021

کوئٹہ: عوامی نیشنل پارٹی کی صوبائی مجلس عاملہ نے پارٹی کے صوبائی سیکرٹری اطلاعات اسدخان اچکزئی کی بحفاظت بازیابی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ساڑھے تین مہینے کا طویل عرصہ گزرنے کے باوجود اسدخان اچکزئی کی بازیابی میں کسی قسم کی پیشرفت نہ ہونا تشویشناک ہے ، ہمیں اوچھے ہتھکنڈوں سے مرعوب نہیں کیا جاسکتا مرکزی قیادت کی مشاورت سے اسدخان اچکزئی کے اغواکے خلاف احتجاج کا دائرہ کار پورے ملک میں پھیلایا جائے گا۔

اورپورے ملک کی سطح پر آئینی وقانونی اور جمہوری احتجاج کرتے ہوئے اس معاملے کو عدالتی سطح پر بھی شدت کے ساتھ اٹھایا جائے گا ۔ مجلس عاملہ نے صوبائی پارلیمانی بورڈ کی تشکیل بھی کردی جبکہ مرکزی قیادت کے ہر فیصلے کی پابندی کا اعلان کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ عوامی نیشنل پارٹی صوبے میں پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے جاری جدوجہد میں بھرپور حصہ لیتی رہے گی ۔

کارکنوں کو پی ڈی ایم لورالائی کے جلسہ عام میںبھرپور شرکت کی تاکید جبکہ اٹھائیس جنوری کوپارٹی کے زیراہتمام ژوب میں عظیم الشان جلسہ عام منعقدکیا جائے گا جس سے پارٹی کے مرکزی و صوبائی قائدین خطاب کریں گے۔ یہ فیصلے عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی مجلس عاملہ کے اجلاس میں کئے گئے ۔ مجلس عاملہ کا اجلاس پارٹی کے صوبائی صدر و صوبائی پارلیمانی لیڈر اصغرخان اچکزئی کی زیر صدارت گزشتہ روز منعقد ہوا جو رات گئے تک جاری رہا ۔

اجلاس میں کوئٹہ سمیت صوبہ بھر سے اراکین مجلس عاملہ نے شرکت کی ۔ اجلاس میں صوبے کی مجموعی سیاسی صورتحال ، سانحہ مچھ ،اسدخان اچکزئی کی بازیابی سے متعلق پیشرفت ، امن وامان کی صورتحال اور پارٹی کے تنظیمی امور پر تفصیلی غور وخوض ہوا ۔ اجلاس میں اتفاق رائے سے پارلیمانی بورڈ تشکیل دیا گیاجس کے صوبائی صدر اصغرخان اچکزئی بلحاظ عہدہ چیئر مین جبکہ صوبائی جنرل سیکرٹری مابت کاکابلحاظ عہدہ سیکرٹری ہوں گے۔

اور دیگرتین اراکین جو کہ اتفاق رائے سے منتخب کئے گئے ان میں پارٹی کے مرکزی رہنماڈاکٹر عنایت اللہ خان ،نواب ارباب عبدالظاہر کاسی اور انجینئر زمرک خان اچکزئی شامل ہیں ۔ اجلاس کے شرکانے صوبائی سیکرٹری اطلاعات اسدخان اچکزئی کی بازیابی کے حوالے سے کوئی پیشرفت نہ ہونے پر شدید تشویش کااظہار کرتے ہوئے اسدخان اچکزئی کی بازیابی کے لئے پرامن جمہوری احتجاج کا دائرہ کار وسیع کرنے سے متعلق مرکزی قیادت کے ساتھ کی گئی۔

مشاورت اور فیصلے کی توثیق کی اورفیصلہ کیا گیا اسدخان اچکزئی کی بحفاظت بازیابی کے لئے احتجاج کا دائرہ کار وسیع کیا جائے گا ۔ شرکاکا کہنا تھا کہ صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کے پوش علاقے ایئر پورٹ روڈ سے پارٹی کے صوبائی سیکرٹری اطلاعات کا اغوااور ایف آئی آر کے اندراج کے باوجود ساڑھے تین مہینے بعد بھی ان کا بازیاب نہ ہونا قانون نافذ کرنے والے اداروں اورانتظامیہ کے لئے بہت بڑا سوالیہ نشان ہے۔

اگرکسی کو یہ غلط فہمی ہے کہ اس طرح کے منفی ہتھکنڈوں سے باچاخان کے قافلے کو روکا جاسکتا ہے اور پارٹی کو اس کے اصولی موقف سے پیچھے ہٹایا جاسکتا ہے تو یہ ان کی بہت بڑا بھول اور غلط فہمی ہے پارٹی اس پر کسی بھی صورت خاموش نہیں رہے گی بلکہ اسدخان اچکزئی کے اغواکے خلاف احتجاج کا دائرہ کار پورے ملک میں پھیلایا جائے گا اورپورے ملک کی سطح پر آئینی وقانونی اور جمہوری احتجاج کرتے ہوئے۔

اس معاملے کو عدالتی سطح پر بھی شدت کے ساتھ اٹھایا جائے گا ۔ اجلا س میں سانحہ مچھ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا گیا کہ سانحہ مچھ نے پوری انسانیت کو شرمسار کیا ہے اجتماعی طو رپر لوگوں کوا ٹھا کر ان کے ہاتھ پاں باندھنا اور پھر انہیں قتل کرنا بہت بڑا ظلم ہے اس طرح کے واقعات سے عوام میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے اس طرح کے واقعات کے تدارک کے لئے موثر اقدامات کی ضرورت ہے ۔

اس وقت پورے ملک کے عوام عدم تحفظ کا شکار ہیں قانون نافذ کرنے والے ادارے اور وفاقی حکومت اس حوالے سے اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرے ۔ اجلاس میں پارٹی کی مرکزی قیادت کے تمام فیصلوں کو من و عن قبول کرنے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے اراکین مجلس عاملہ کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم ملک میں جمہوریت ، آئین اور قانون کی بالادستی اور جمہوری اداروں کی مضبوطی کے لئے میدان عمل میں نکلی ہے صوبائی تنظیم مرکزی قیادت کے تمام فیصلوں کی تائید وحمایت کرے گی۔

اور ان پر لبیک کہتے ہوئے پی ڈی ایم کی جاری تحریک میں بھرپور حصہ لے گی 13جنوری کو پی ڈی ایم کے تحت لورالائی میں منعقد ہونے والے جلسہ عام میں پارٹی بھرپور حصہ لے گی۔

اجلاس میں انجمن اصلاح الافاغنہ کی صدسالہ تقریبات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کا فیصلہ کرتے ہوئے طے پایا کہ 28جنوری کو ژوب میں انجمن اصلاح الافاغنہ کی صدسالہ تقریبات اور فخر افغان باچاخان و رہبر تحریک خان عبدالولی خان کی برسی کے سلسلے میں پارٹی کے زیراہتمام عظیم الشان جلسہ عام منعقدکیا جائے گا جس سے پارٹی کے مرکزی نائب صدر امیر حیدرخان ہوتی سمیت دیگر مرکزی و صوبائی قائدین خطاب کریں گے ۔

صوبائی مجلس عاملہ کے اجلاس میں پارٹی کے تنظیمی امور پر بھی تفصیلی غور وخوض ہوا اور اہم فیصلے کئے گئے اجلاس کے شرکانے پارٹی کی فعالیت اور عوامی اولسی اعتماد میںاضافے پر اطمینان کااظہار کرتے ہوئے تمام اضلاع کوخراج تحسین پیش کیا گیا ۔

اجلاس کے شرکا کا کہنا تھا کہ قلعہ سیف اللہ اور پشین کے انتہائی کامیاب اور پروقار جلسے ، اسدخان اچکزئی کے اغواکے خلاف کوئٹہ سمیت تمام اضلاع میں احتجاج مظاہرے اور جلسے جلوسوں سے ثابت ہوتا ہے کہ اولس کا اعتماد عوامی نیشنل پارٹی پر بڑھتا چلا جارہا ہے ۔

پارٹی پشتون عوام کے اس اعتماد اور بھروسے کو کبھی ٹھیس نہیں پہنچائے گی بلکہ ہر سطح پر پشتونوں کے اجتماعی قومی مسائل کے حل ، جمہوریت کی مضبوطی ، جمہوری اداروں کے استحکام اور آئین و قانون کی بالادستی کے لئے اپنافعال ومتحرک کردار ادا کرتی رہے گی ۔