|

وقتِ اشاعت :   January 11 – 2021

کوئٹہ: خضدار سے کوئٹہ پیدل لانگ مارچ کرنے والے احتجاجی مظاہرین نے کہا ہے کہ ان کا احتجاج اس وقت تک جا ری رہے گا جب تک خضدار لیویز میں میرٹ کے خلاف ہو نے والی بھرتیوں کا نوٹس لے کر آسامیوں پر میرٹ کے تحت بھرتیوں کے لئے اقدامات نہیں کئے جا تے ۔مظاہرین نے کہا کہ خضدار میں لیویز کی خالی آسامیوں پر مبینہ طور میرٹ کے برخلاف بھرتیوں کے خلاف انہوں نے خضدار میں احتجاج کیا۔

تاہم کوئی شنوائی نہ ہوئی اس کے بعد انہیں مجبوراً کوئٹہ تک سینکڑوں کلو میٹر پیدل مارچ کیا اور یہاں گزشتہ کئی ہفتوں سے احتجاج پر ہیں مگر ابھی تک حکومت کی جانب سے ان کے مسئلے کو حل کرنے پر کوئی توجہ نہیں دی جارہی ہے ۔

گزشتہ روز اسپیشل مجسٹریٹ سیف اللہ احتجاجی مظاہرین کے پاس پہنچے اور انہیں یقین دہانی کرائی کہ ان کے مطالبے کو حل کیا جائے گا تاہم لانگ مارچ کے شرکاء نے احتجاج ختم کرنے کا انکار کرتے ہوئے کہا کہ جب تک ان کے مطالبات حل نہیں کئے جاتے ان کا احتجاج جاری رہے گا ۔ اس موقع پر اسپیشل مجسٹریٹ انہیں یقین دلایا کہ وہ احتجاج مظاہرین کے نمائندہ وفد کا متعلقہ حکام سے ملاقات کرائیں گے ۔