|

وقتِ اشاعت :   January 12 – 2021

کوئٹہ: بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے چیف ایگزیکٹو فرمان زرکون نے کہا ہے کہ بلوچستان میں سرمایہ کاری کی راہیں ہموار ہو چکی ہیں اور متعدد سرمایہ کار صوبے میں پروجیکٹس لگانے میں دلچسپی لے رہے ہیں، اس سلسلے میں بعض کمپنیوں کیساتھ معاملات طے پا رہے ہیں امید ہے ان پر جلد پیشرفت ہوگی اور صوبے میں نئے منصوبے شروع ہونگے۔

انہوں نے کہا کہ ہم بلا امتیاز تما م مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کا خیر مقدم کرتے ہیں کہ وہ آئیں اور قدرتی وسائل سے مالا مال صوبے، خصوصاً معدنیات، قابل تجدید توانائی، تیل و گیس کی تلاش، ماہی گیری، فوڈ پروسیسنگ، رسد گاہوں،ساحلی ترقی اور سیاحت کے شعبوں میں سرمایہ کاری کریں،گوادر پورٹ سٹی اربوں ڈالر کے پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے میں گیٹ وے کی حیثیت رکھتا ہے۔

اور اس سے منسلک فری تجارتی زونزمیں تمام سرمایہ کاروں کیلئے بے مثال مراعات دی گئی ہیں،یہ جزیرہ نما عرب کے ساتھ ساتھ وسط ایشیائی ریاستوں تک رسائی فراہم کرے گا، انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ جام کمال خان کی قیادت میں صوبائی حکومت اور بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ اس سلسلے میں تمام رکاوٹوں کی دوری کے حوالے سے ہر ممکن اقدامات اٹھانے کیلئے پر عزم ہے۔

اس سے کاروبار میں آسانی کے مراحل میں اضافہ ہو گا اور بزنس و سرمایہ کاری کیلئے بہترین ماحول مہیا ہوگا،سرمایہ کار دوست اور اصلاحاتی حکومتی اقدامات کو دیکھتے ہوئے یہ کہا جا سکتا ہے کہ بلوچستان میں بہت زیادہ صلاحیت موجود ہے، سرمایہ کاروں کیلئے یہ ایک بہترین وقت ہے کہ وہ آگے آئیں اورملکر بلوچستان کے مستقبل کو ایک نئی سمت دیں۔