|

وقتِ اشاعت :   January 12 – 2021

لسبیلہ: پاکستان ایک کثیر القومی ریاست ہے اس میں ہر قوم اپنی زبان،ثقافت جغرافیائی وحدت،رسوم و رواج اور مخصوص سماجی و نفسیاتی ساخت رکھتی ہے لیکن جابرانہ و استحصالی ڈھانچے کے اندر قوموں کے تشخص مسخ اور ان کی آزادانہ سماجی و اقتصادی ترقی کی راہیں مسدود ہوکر رہ گئی ہے نیشنل پارٹی موجودہ جابرانہ استحصالی اور قومی جبر و بالادستی و طبقاتی استحصال پر مبنی نظام کے خاتمے کے لئے جدوجہد جاری رکھے ہوئی ہے۔

ملک کے تمام قومی وحدتوں اور مظلوم طبقات کے درمیان برابری اور باہمی رضا و رغبت کی بنیاد پر متحدہ جدوجہد کے لئے برسر پیکار ہے ان خیالات کا اظہار نیشنل پارٹی لسبیلہ کے ضلعی صدر عبدالغنی رند مرکزی کمیٹی کے ممبر نظام رند صوبائی ورکنگ کمیٹی کے ممبر خورشید رند پارٹی کے مرکزی رہنما سابق چیئرمین بی ایس او کامریڈ عمران بلوچ ضلعی لیبر سیکرٹری واجہ عبدالغنی رند تحصیل حب کے صدر روشن علی جتوئی نائب صدر بلال بلوچ ڈپٹی جنرل سیکرٹری صوفی محمد مٹھل فقیر۔

انور علی بلوچ،محمد علی بلوچ،شریف مری،ڈاکٹر رفیق رند،امید علی بلوچ نوید لاڈلہ رند نے لیبر کالونی حب میں انور علی بلوچ کی قیادت میں سینکڑوں کارکنوں کی بلوچستان عوامی پارٹی سے مستفٰی ہوکر نیشنل پارٹی میں شمولیت کرنے کے موقع پر ایک بڑے شمولیتی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا .انہوں نے کہا کہ آج ملک شدید معاشی عدم استحکام اور بیرونی تسلط کا شکار ہے۔

یہاں کی معیشت پر جاگیرداروں اور مٹھی بھر بالائی طبقے کا مکمل قبضہ ہے معیشت میں ترقی بہت سست غیر مساویانہ رہا ہے اور کل منافع ایک چھوٹے سے گروہ کی جیبوں میں چلا جاتا ہے جبکہ 95% فیصد آبادی استحصال،غربت اور افلاس کا شکار ہے اس غیر مساوی و ظالمانہ معاشی نظام کی وجہ سے مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ دی ہے اس غیر سیاسی و غیر جمہوری حکومت کی نااہلی کی وجہ سے ملک کا دیوالیہ نکل چکا ہے۔

ڈالر کی قیمت آسمان کو چھورہی ہے روپے کی قدر انتہائی درجے تک گر چکی ہے امیر امیر تر اور غریب دن بدن غریب ہوتا جارہا ہے اس نااہل حکومت نے یہاں تک کہ آئی ایف کے سامنے اپنے گھٹنے ٹیک کر آئی ایف کے پاس ملکی خزانے کی چابی رکھ کر پورے ملک کو ان کے ہاں گروی رکھ دیا ہے۔

جو کہ نالائقی کی حد ہے اب اس حکومت کو مزید برداشت کرنا ملک و عوام کے ساتھ ظلم ہے انہوں نے کہا لسبیلہ کے عوامی نمائندے ستر سال سے عوام کا خون چوستے آرہے ہیں عوام کے اربوں روپے کے فنڈز کرپشن کی نظر ہوچکے ہے۔