|

وقتِ اشاعت :   January 12 – 2021

کوئٹہ: وزیر خزانہ بلوچستا ن میر ظہور بلیدی نے کہا ہے کہ محکمہ خزانہ میں شفافیت اور کفایت شعاری کے لئے اقدامات جاری ہیں محکمہ خزانہ نے پنشن کے 3091زیر التواء کیسز نمٹا دئیے ہیں جبکہ خزانے پر بوجھ کم کرنے کے لئے گریڈ 20 یا اس سے زائد کے افسران کا بعد از ریٹائرمنٹ سپیرئیر ایگزیکٹو الائونس ختم کردیا ہے عوامی محکمہ خزانہ یا کسی بھی ذیلی دفتر کے حوالے سے جاری کردہ نمبر پر شکایات درج کروائیں۔

یہ بات انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہی، میر ظہور بلیدی نے کہا کہ صوبائی حکومت قومی خزانے پر بوجھ کم سے کم کرنے کے لئے اقدامات کر رہی ہے اس سلسلے میں کابینہ کی منظوری کے بعد محکمہ خزانہ نے گریڈ 20یا اس سے زائد کے ریٹائر ہونے والے افسران کو ملنے والا سپیرئیر ایگزیکٹو الائونس ختم کردیا ہے انہوں نے کہا کہ محکمہ خزانہ مزید کفایت شعاری کے اقدامات اٹھائے گا تا کہ صوبے کے خزانے پر بوجھ کو کم سے کم کر کے اسے مستحکم کیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے ریٹائر ہونے والے 3091ملازمین کے 1.182ارب روپے کے گروپ انشورنس کے کیسز زیر التواء تھے جنہیں بلوچستان ایمپلائیز گروپ انشورنس فنڈ کے بورڈ آف ٹرسٹیز نے کلیئر کر دیا ہے۔

جس پر سیکرٹری خزانہ اور انکی ٹیم داد کی مستحق ہے وزیرخزانہ میر ظہور بلیدی نے کہا کہ محکمہ خزانہ شفافیت اور عوام کو بہتر سہولیات مہیاکرنے کے اصولوں پر کاربند ہے اس سلسلے میں اہم ترین اقدام کرتے ہوئے اکائونٹنٹ جنرل کا کام کو ضلعی سطح پر ضلعی خزانہ آفس منتقل کردیا گیا ہے جبکہ محکمہ خزانہ یا اسکے کسی بھی ذیلی ماتحت دفتر میں شکایات کے حوالے سے موبائل اور فون نمبرز جاری کرد ئیے گئے ہیں جن پر عوام اپنی شکایات درج کروا سکتے ہیں ۔