|

وقتِ اشاعت :   January 13 – 2021

ہری پور: وزیر داخلہ بلوچستان ضیاء اللہ لانگو نے کہا ہے کہ محکمہ جیل خانہ جات اور محکمہ شہری دفاع بلوچستان میں اصلاحاتی عمل کا سلسلہ اس کی تکمیل تک جاری رہیگا، بلوچستان کے مختلف جیلوں میں جدید ٹیکنالوجی متعارف کراکر اس سے بھر پور استفادہ کیا جائے گا،انہوں نے عندیہ دیا کہ آئندہ مالی سال کے آغاز سے محکمہ شہری دفاع کے لیے جدید آلات کی خریداری کے منصوبے پر بھی کام کا آغاز کر دیاجائیگا۔

ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر داخلہ نے ہری پور میں نیشنل ریڈیو ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن (NRTC) کے مجوزہ منصوبے کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں برگیڈئیر توفیق احمد،آئی جی جیل خانہ جات بلوچستان قادر پرکانی،ڈائریکٹر سول ڈیفنس محمد احمد درانی، و دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں وزیرداخلہ بلوچستان کو جیلوں محکمہ شہری دفاع کے لیے جدید ٹیکنالوجی کی ضرورت و اہمیت اور اس سلسلے میں پیش رفت پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔صوبائی وزیر داخلہ  نے کہا ہے کہ جیلوں کی صورت حال کو بہتر کرنے کے لیے جیلوں کے نظام میں اصلاحات وقت حاضر کی ضرورت ہے۔

صوبائی وزیر نے جیلوں کی حالت اور معیار کو بین الاقوامی سطح تک لے جانے کے حکومتی عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ صوبائی حکومت جیل خانہ جات کو مستحکم اور معیاری بنانے کیلئے انقلابی اقدامات اُٹھا رہی ہے، حکومت محکمہ جیل خانہ جات کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے اور موجودہ چیلنجز سے نمٹنے کے لئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ جیلوں میں صفائی کے معیار کو برقرار رکھنے، ادویات کی فراہمی اور قیدیوں کی فلاح وبہبود کیلئے کئی دیگر اقدامات پر بھی کام جاری ہے۔