|

وقتِ اشاعت :   January 14 – 2021

کوئٹہ: بلوچستان عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل و سینیٹر منظور احمدکاکڑ نے کہا ہے کہ چوروں کے ٹولے نے ایک بار پھر بلوچستان کا رخ کرلیا ہے پی ڈی ایم عوام کو جھوٹے نعروں سے ورغلا نہیں سکتے با شعور عوام نے 11جماعتی پی ڈی ایم کو مسترد کردیا ہے وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال کی قیادت میں بلوچستان ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور انشاء اللہ صوبہ جلد دوسرے صوبوں کے برابر ہوگی۔

ماضی میں بر سر ا قتدار رہنے کے باوجود عوام کو ریلیف نہ دینے والے سیاسی جماعتیں آج موجودہ حکومت پر تنقید کررہی ہیں اپنے ایک بیان میں سینیٹر منظور ا حمد کاکڑ نے کہا کہ پی ڈی ایم نے ایک مرتبہ پھر بلوچستان کا رخ کیا ہے اور اپنے جھوٹے نعروں اور وعدوں کے ذریعے عوام کو ورغلانے کی ناکام کوشش کررہے ہیں عوام با شعور ہیں 11جماعتیں پی ڈی ایم کومسترد کرنے کے بعد لورالائی کاجلسہ بری طرح ناکام ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی عوام نے نفرتیں پھیلانے والے قومیت اور مذہب پر دو بھائیوں کو آپس میں لڑا کر اپنی چوری بچانے کیلئے اکھٹے ہوئے تھے بلوچستان کی عوام ماضی کے چوروں کی کارکردگی سے بخوبی آگاہ ہیں انہوں نے کہا کہ اپوزیشن اقتدار میں آنے کیلئے اداروں پر دبائو ڈالنے اور انہیں بد نام کرنے کی کوشش کررہے ہیں وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال کی قیادت میں صوبائی حکومت بلوچستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کئے ہوئے ہیں۔

اور حکومت نے عوام کو ریلیف دینے کیلئے میگا پروجیکٹس شروع کئے ہیں جس کی تکمیل سے بلوچستان دوسرے صوبوں کے برابر ہوگا انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی میں ہر طبقے نے بھر پور کردار ادا کیا ہے آج بلوچستان عوامی پارٹی تمام اقوام پر مشتمل ایک گلدستہ ہے جو مختلف اقوام کے گلدستے بلوچستان کو پر امن اور خوشحال بنانے کیلئے جدوجہد کررہی ہیں۔