|

وقتِ اشاعت :   January 15 – 2021

کوئٹہ: بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے چیف ایگزیکٹو فرمان زرکون نے کہا ہے کہ سیاحت کا شعبہ سرمایہ کاری کے فروغ میں بنیادی اہمیت کا حامل ہے، ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ جام کمال خان عالیانی کی قیادت میں صوبائی حکومت سیاحت کے فروغ کیلئے متعدد اقدامات کر رہی ہے۔

جبکہ بجٹ میں بھی اس مد میں خطیر رقم مختص کی گئی ہے، بلوچستان میں دلکش مناظر، پہاڑ، ساحلی پٹی، برفانی علاقے، قدرتی پارکس، جنگلی اور آبی حیات پائی جاتی ہیں۔سیاحتی مراکز کو ترقی دینے کیلئے کئی اقدامات اٹھائے گئے ہیں، بلوچستان پاکستان کے خوبصورت ترین سیاحتی مقامات کا اہم مرکز ہے،دنیا کے دوسرے بڑے صنوبر(juniperٰ)کے جنگلات زیارت بلوچستان میں پائے جاتے ہیں۔

بلوچستان میں دریافت ہونیوالی آثار قدیمہ میں سے مہر گڑھ کی تاریخ 7000 قبل مسیح ہے جو انڈس تہذیب سے بھی3500 سال قدیم ہے۔بلوچستان کے ساحلی علاقے دلکشی کے حوالے سے اپنی اہمیت رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ساحلی علاقوں میں ریزورٹس، ہوٹلز، موٹیلز اور واٹر اسپورٹس کے شعبے میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں، بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ تمام شعبوں میں سرمایہ کاری کا خیر مقدم کرتا ہے اور اس سلسلے میں تمام سہولیات کی فراہمی کیلئے پر عزم ہے۔