|

وقتِ اشاعت :   January 15 – 2021

کوئٹہ: نیشنل پارٹی کے مرکزی سینئر نائب صدر سینیٹر میر کبیر احمد محمد شہی اور صوبائی صدر میر عبدالخالق بلوچ سے خضدار لیویز میں میرٹ کے برخلاف تعیناتیوں پر احتجاج کرنے والے وفد کی نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ میں ملاقات۔اس موقع پر نیشنل پارٹی کے مرکزی کمیٹی کے ممبر چیرمین محراب بلوچ علی احمد لانگو انیل غوری بی ایس و پجار کے صوبائی صدر بابل ملک بلوچ ڈاکٹر طارق بلوچ سمیت دیگر موجود تھے ۔

سمیع اللہ نوتانی کی قیادت میں وفد میں عبدالظاہر ‘ نثار احمد اور اصغر علی شامل تھے وفد نے نیشنل پارٹی کی قیادت کو خضدار لیویز میں میرٹ کے خلاف ورزی پر اپنے تحفظات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ تحریری امتحانات اور فزیکل فٹنس میں کامیاب امیدواروں کے بجائے سفارشی اور منظور نظر کو نوازیا گیاجس پر ہم احتجاج کررہے ہیں۔

اس موقع پرنیشنل پارٹی کے سینئر نائب صدر سینیٹر میر کبیر احمد محمد شہی نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان اس وقت بدترین گورننس کی صورتحال پیش کررہی ہے صوبائی حکومت نے اداروں میں سیاسی مداخلت کرکے اداروں کو مفلوج بنادیا ہے خضدار لیویز میں اقربا پروری اور منظور نظر افراد کو نواز کر حقدار نوجوانوں کی حق تلفی کی گئی جو کہ قابل مذمت ہے ۔

انہوں نے کہا کہ خضدار کے نوجوانوں نے اپنے حقوق کیلیے کوئٹہ تک لانگ مارچ کیا اور اب احتجاجی کیمپ لگائے بیٹھے ہیں۔لیکن افسوس کے نااہل صوبائی حکومت انکی دادرسی اور ان کے تحفظات کو دور کرنے کیلئے رابطہ ہی نہیں کیا۔

جو عوام سے نااہل صوبائی حکومت کی ترجیحات کو واضع کرتی ہے انہوں نے کہا کہ نیشنل پارٹی محکموں میں بھرتیوں میں مکمل میرٹ کی حمایت کرتی ہے۔تاکہ باصلاحیت نوجوان سامنے آئے اور اپنے صلاحیتوں سے اداروں کو بہتر بنائے۔