|

وقتِ اشاعت :   January 15 – 2021

کوئٹہ: جمعیت علما اسلام کے صوبائی امیر و رکن قومی اسمبلی مولانا عبدالواسع ،جنرل سیکرٹری آغا محمود شاہ سیکرٹری اطلاعات دلاور خان کاکڑ نے کہا ہے کہ جمعیت علما اسلام اور پی ڈی ایم نے بلوچستان اور خاص کر ملک کے مختلف علاقوں میں جلسے کرکے سلیکٹڈ حکومت کی نیندیں حرام کردی ہیں، آئندہ چند دنوں میں سلیکٹڈ حکومت کا خاتمہ کردیا جائے گا بلوچستان کی عوام سلیکٹڈ حکومت کے خاتمے کے لئے 31جنوری تک اسلام آباد لانگ مارچ کی تیاریاں کریں۔

ملک کے تمام بحرانوں کے ذمہ دار سلیکٹڈ وفاقی و صوبائی حکومتیں ہیں۔اپنے جاری کردہ بیان میں انہوں نے کہاکہ بلوچستان کے مختلف اضلاع شیرانی ،ژوب ،بارکھان ،موسیٰ خیل ،قلعہ سیف اللہ،زیارت سنجاوی،پشین ،قلعہ عبداللہ، کوئٹہ اور دیگر اضلاع کے عوام اور جمعیت و پی ڈی ایم کے کارکنوں نے جس انداز میں لورالائی کے جلسے کو کا میاب کیا ہے اس پر وہ داد تحسین کے مستحق ہیں۔

انہوں نے کہا ہے کہ بلوچستان کے عوام نے ہمیشہ آمرانہ حکومتوں اور آمرانہ حکمرانوں کے خلاف فیصلہ کن تحریکوں میں بھر پور حصہ لیا ہے بلکہ تحریکیں شروع بھی بلوچستان سے ہو ئی ہیں،انہوں نے کہاکہ سلیکٹڈ حکمران چند دنوں کے مہمان ہیں31جنوری تک سلیکٹڈ حکومت کا خاتمہ ہو جائے گا۔

اگر سلیکٹڈ حکومت کا خاتمہ نہیں ہو اتو پی ڈی ایم میں شامل تمام جماعتیں اسلام آباد کا رخ کرکے سلیکٹڈ حکومت کا خاتمہ کرے گی، انہوں نے کہاکہ ملک کے بحرانوں کے ذمہ دار یہی سلیکٹڈ حکومت ہے جنہوں نے ملک کی معیشت تباہ کردی ہے اور آئے روز مہنگائی کا واویلا کرکے غریب عوام سے دو وقت کی روٹی چھین لی ہے۔