|

وقتِ اشاعت :   January 15 – 2021

کوئٹہ: امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہا ہے کہ مہنگائی نے عوام کا برا حال کردیا ہے۔ بدقسمتی سے حکمرانوں کے ترقی وخوشحالی ،مثالی اسلامی حکومت کے قیام کے اقدامات صرف دعوئوں تک محدود ہیں ۔جماعت اسلامی قوم کو بدعنوانی اور بھاری قرضوں سے نجات دلاکر ہی مہنگائی ،بدامنی اور پریشانی سے نجات دلائی جاسکتی ہیں ۔

موجودہ حکمرانوں کے اقداما ت بھی سابقہ حکمرانوں کی طرح صرف دکھاوے کے اقدامات اور اخباری بیانات سے آگے نہیں بڑھ رہے۔انہوں نے کہاکہ ہر طرف مافیازکی ناکام حکمرانی ولوٹ مار جاری ہیں وزیر اعظم کے ارد گرد مافیا جمع ہے وزیر اعظم کے اردگرددیانتدار لوگ ہوتے توبھی کچھ فرق پڑتا بدعنوان ،بدنام مافیاز نے قوم کے اربوں روپے لوٹے ہیں۔

وفاقی وصوبائی وزرا کی ناکام کارکردگی پوری قوم کے سامنے ہے ،وزیر اعظم کا عدم اعتماد درحقیقت ناکامی کا اعتراف ہے۔ جس شخص سے حکومت نہیں چلائی جارہی ، وہ ملک کو کیسے چلا سکتا ہے۔؟ مہنگائی ، بے روزگاری اور لاقانونیت بڑے مسائل ہیں۔ جن کو ہنگامی بنیادوں پر حل کیا جانا چاہیے۔ المیہ یہ ہے کہ عوامی مسائل پر کسی کی بھی کوئی توجہ نہیں۔

وزرا عوام میں جانے سے گھبراتے ہیں۔ پی ٹی آئی کی مایوس کن کارکردگی 22کروڑ عوام کی امیدوں پر پانی پھیر دیا ہے۔ صوبائی حکومت اڑھائی سالہ کارکردگی کو دیکھ کر لگتا ہے کہ صوبے میں گورننس نام کی کوئی چیز نہیں ترقیاتی کام سابقہ حکومتوں کی طرح صرف دستاویزات تک محدود ہیں۔ صوبے کے عوام بے یارومددگار ہیں۔ حکمرانوں نے اپنے انتخابی منشور میں قوم سے بہت خوشنما وعدے کیے تھے ۔

لیکن بد قسمتی سے بلوچستان کے مظلوم عوام کو اس حوالے سے لالی پاپ دیا جا رہاہے۔ بلوچستان کے عوام کو خصوصی پیکیج دیتے ہوئے بجلی وگیس لوڈشیڈنگ سے استثنی دیا جائے ہر شبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والا شخص پریشان ہے۔ زرعی انکم ٹیکس کی کم وصولی حکومتی پالیسیوں پر عوام کا عدم اعتما د ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ عوام کو درپیش مسائل ان کی دہلیز پر حل کیے جائیں ۔