|

وقتِ اشاعت :   January 17 – 2021

پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ ڈیوڈ ہیمپ کا کہنا ہے کہ بسمہ معروف ٹیم کے لیے کافی اہم ہوتی ہیں لہٰذا ان کی کمی محسوس ہوگی۔

پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ ڈیوڈ ہیمپ نے ڈربن سے آن لائن پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ویمن ٹیم جنوبی افریقا کے خلاف سیریز کے لیے تیار ہے۔

ڈیوڈ ہیمپ نے کہا کہ سیریز سے قبل تیاریوں کا اچھا موقع مل گیا ہے، مینز ٹیم بھی جنوبی افریقا سے سیریز کھیل رہی ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ جنوبی افریقا ویمن اچھی سائیڈ ہے، ہمیں کافی اچھی کرکٹ کھیلنا ہوگی۔

ڈیوڈ ہیمپ نے یہ بھی کہا کہ کھلاڑیوں کو کہا ہے ہر گیند پر رن لینے اور ہر گیند پر وکٹ لینے کا عزم کرو۔

اُنہوں نے کہا کہ ہدف کارکردگی میں تسلسل لانا ہے، ٹیم کی صلاحیتوں پر کسی کو شک نہیں، ہم ساتویں پوزیشن پر ہیں لیکن زیادہ عرصہ اس پوزیشن پر نہیں رہنا چاہتے۔

اُن کا کہنا تھا کہ اگرکرکٹ کھیلنی ہے تو بائیو سیکیور ببل اور کورونا وائرس ایس او پی کو اپنانا ہی ہوگا۔

ڈیوڈ ہیمپ نے مزید کہا کہ عالیہ ریاض اور عائشہ نسیم اچھی ہٹرز ہیں۔