|

وقتِ اشاعت :   January 17 – 2021

تربت : لیویز لائن تربت میں ڈی جی لیویز فورس بلوچستان مجیب قمبرانی کی آمد پر در بار کا انعقاد کیا گیا جس میں کمشنر مکران شاہ عرفان احمد، ڈپٹی کمشنر کیچ میجر محمد الیاس کبزئی کے علاوہ لیویز افسران اور اہلکاروں نے شرکت کی۔ ڈی جی لیویز کی جانب سے لیویز لائن میں لگے شھدا یادگار پر پھول رکھ دیے گئے اور فاتحہ خوانی کی گئی اس سے قبل لیویز اہلکاروں نے ڈی جی لیویز، ڈی سی کیچ اور کمشنر مکران کو لیویز لائن آمد پر سلامی پیش کی۔

بعد ازاں رسالدار میجر لیویز فورس سمائیل خالق نے ڈی جی مجیب قمبرانی کو بلوچی ثقافتی چادر پہنایا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر تربت عقیل احمد بلوچ، رسالدار میجر ڈی جی کوئٹہ افس غفور احمد، رسالدار میجر کیو آر ایف انچارج مرتضی احمد، تحصیلدار تربت شیرجان دشتی، اے ڈی سی کیچ سراج کریم سمیت لیویز فورس کے افسران اور اہلکار بڑی تعداد میں موجود تھے۔ لیویز دربار میں اہلکاروں اور افسران سے خطاب کرتے ہوئے۔

ڈی جی لیویز بلوچستان مجیب قمبرانی نے کہا کہ لیویز فورس پورے پاکستان میں ایک منفرد فورس ہے یہ فورس کمیونٹی بیسڈ ہے جس کا براہ راست عوام سے تعلق ہے۔اپنی سو سالہ تاریخ میں لیویز فورس شجاعت، دلیری، غیرت مندی میں الگ پہچان کا حامل ہے۔اس فورس نے ہر دور میں اتار چڑھاؤ دیکھا لیکن ایمانداری اور بہادری سے کبھی منہ نہ موڑا۔ لیویز کے 90 فیصد ایریا میں کرائم کا ریشو نہ ہونے کے برابر ہے۔

لیویز کے جوان بیک وقت امن و امان سمیت زلزلہ، آفات، حادثات، سیلاب اور دیگر واقعات میں پیش پیش ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جدید دور کے مطابق لیویز فورس کو بھی نئے سیکیورٹی چیلنجز درپیش ہیں۔ جوانوں کی عسکری تربیت کے ساتھ ان کے ٹیکنکل تربیت کے انتظامات بھی کیے جا رہے ہیں۔انہوں کہا کہ لیویز کے جوان ہمیشہ خود کو عوام کے ساتھ رکھیں اور عوام کی حفاظت کے لیے تیار رہیں تاکہ عوام کو ان سے محبت ہو۔

جبکہ اپنا معیار ایسا رکھا جائے کہ دہشت گرد لیویز فورس سے دہشت زدہ ہوں۔لیویز کے جوان لوگوں کو تنگ کرنے سے گریز کریں اور عوام کے جان و مال کی حفاظت کے لیے ہمیشہ چوبند رہیں۔انہوں نے کہا کہ لیویز فورس میں پیشہ ورانہ تربیت کے ساتھ جوانون کی پروموشن پر پہلی بار تیزی کے ساتھ کام کیا جارہا یے اس کے علاوہ جدید اسلحہ اور گاڈیوں کی فراہمی کے لئے بھی کوششیں ہورہی ہیں۔

انہون نے کہا کہ لیویز تھانہ تربت کو ایک مثالی تھانہ بنائیں گے جبکہ ضلع کیچ کی خالی اسامیوں پر بہت جلد تقرریاں کی جائیں گی افسران کی جتنی اسامیاں خالی ییں ان کو بھی جلد پر کیا جائے گا۔اس کے علاوہ اسلحہ جات، جدید گاڈیاں اور سی پیک فورس کے لیے موٹر سائیکل بھی مہیا کریں گے۔ کمشنر مکران ڈویڑن شاہ عرفان احمد نے لیویز فورس کی قربانیوں کو سراہا اور کہا کہ بنیادی طور پر یہ ایک قبائلی فورس ہے۔

جس کے جوانون کو ہر علاقے کے مزاج، مسائل اور لوگوں کے رویوں کا بخوبی اندازہ ہے۔لیویز کے جوانون کو جدید دور کے مطابق عسکری تربیت دے کر ایک بہتریں فورس بنایا جا سکتا ہے. ڈپٹی کمشنر کیچ میجر محمد الیاس کبزئی نے ڈی جی لیویز کو ضلع کیچ میں لیویز کو درپیش مشکلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ 10 لاکھ کی آبادی پر مشتعل ضلع کیچ 24 ہزار اسکوائر رقبے پر ہیجہاں 927 لیویز اہلکار، 8 تھانے اور 12 چوکیاں ہیں۔

2020 کے دوران محدود وسائل کے باوجود لیویز فورس نے چیکنگ اور چھاپوں کے دوران 85 ملزمان گرفتار کیے جبکہ بھاری مقدار میں منشیات کے ساتھ غیر قانونی اسلحہ جن کے مختلف اقسام شامل ہیں پکڑے گئے۔ انہوں کہا کہ جرائم پیشہ افراد اور دہشتگردی کے تدارک میں کئی لیویز اہلکار شہید ہوگئے۔ اس وقت یہاں ضلع کیچ میں لیویز فورس کو اسلحہ کی کمی، گاڈیاں، موٹر سائیکل اور سی پیک فورس کے لیے کمانڈو وردیوں کی کمی کا سامنا ہے جن کا بجٹ ہمارے پاس کم ہے۔