تربت: تربت میں سرکاری اسکول کی عمارت کے لیے چندہ مہم کا آغاز۔ تفصیل کے مطابق ضلع کیچ کی تحصیل دشت کے یونین کونسل بل نگور میں گورنمنٹ مڈل اسکول کپکپار بل نگور میں بلڈنگ نہ ہونے کے سبب سردی اور گرمیوں کے موسم میں بچے کھلے آسمان تلے کلاس لینے پر مجبور ہیں۔
علاقائی زرائع کے مطابق مزکورہ اسکول کی عمارت ایک سے زیادہ مرتبہ ٹینڈر کی گئی تھی اور ان کے پیسے بھی منظور کیے گئے تھے مگر عمارت کی تعمیر ہر بار التواء کا شکار رہی۔ سرکار سے مایوس ہوکر اسکول کی عمارت کی تعمیر کے لیے کچھ دنوں سے سماجی کارکنوں کی طرف سے اپنی مدد آپ کے تحت چندہ مہم شروع کردیا گیا ہے اس بارے میں سوشل میڈیا پر باقاعدہ چندہ مہم برائے مڈل اسکول کپکپار کے ٹرینڈ چلائے گئے ہیں۔
اس مہم کے متحرک رکن گوادر سے تعلق رکھنے والے سماجی کارکن بالاچ قادر ہیں جن کی جدوجہد سے اسکول کی عمارت کی تعمیر کے لیے کچھ چندہ جمع کیا گیا ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ کسی بھی علاقے میں سرکاری اسکول کی عمارت تعمیر کرانے کے لیے سماجی سطح پر چندہ مہم چلانے کا یہ انوکھا واقعہ ہے تاہم اس مہم اور اس میں شامل کارکنون کے کردار کو عوامی سطح پر نہ صرف زیر بحث لایا گیا ہے بلکہ اس کوشش کو سراہا بھی جارہا ہے۔