|

وقتِ اشاعت :   January 18 – 2021

کوئٹہ: لیویز کی خالی آسامیوںپر مبینہ طور پر میرٹ کے برعکس بھرتیوں کے خلاف خضدار سے کوئٹہ پیدل لانگ مارچ اور کوئٹہ میں ایک مہینے سے جاری احتجاجی کیمپ کے شرکاء اور ڈی جی لیویز کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے ، پیدل لانگ مارچ کے شرکاء نے ڈی جی لیویز کی یقین دہانی پر احتجاجی کیمپ ختم کردیا ۔ تفصیلات کے مطابق خضدار سے پیدل کوئٹہ لانگ مارچ کے شرکاء نے پیر کو ڈی جی لیویز بلوچستان سے ان کے دفتر میں ملاقات کی اس موقع پر شرکاء نے خضدار میں لیویز کی خالی آسامیوں میںمبینہ باقاعدگیوں سے متعلق ڈی جی لیویز کو آگاہ کیا اور اپنے مطالبات پیش کئے۔

جس پر ڈی جی لیویز نے انہیںیقین دہانی کرائی نہ صرف آئندہ لیویز کی آسامیوں پر بھرتی کے لئے ٹیسٹ و انٹرویوز کیمرے کے سامنے لئے جائیں گے بلکہ خضدار میں لیویز کی آسامیوں سے متعلق بھی تحقیقات کرکے ان کے مطالبات کو حل کیا جائیگا ۔ انہوں نے کہا کہ لیویز فورس صوبے کے دور درازعلاقوں میں امن وامان کی بہتری میں بھر پور کردار ادا کررہی ہے جب اہل اور میرٹ پر آنے والے امیدوار لیویز میںبھرتی ہوں گے اس سے امن وامان کی صورتحال میںبہتری کے ساتھ ساتھ لیویز کی کارکردگی بھی بہترہوگی ۔

اس موقع پر پیدل مارچ کے شرکاء نے ڈی جی لیویز کی یقین دہانی پر احتجاج کیمپ ختم کرنے اعلان کردیا اور پریس کلب کوئٹہ سامنے جاری احتجاج کو ختم کردیا ۔