|

وقتِ اشاعت :   January 18 – 2021

کوئٹہ: پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے چیئرمین محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ انہوں نے 48سال سے پشتون قوم کے لئے جدوجہد کے علاوہ کوئی اور کام نہیں کیا ،پی ڈی ایم ملک میں آئین کی بالادستی کے لئے بنی ہے عمران خان 31تاریخ تک استعفیٰ دے تو دوسری قوتوں سے آئین کی بالادستی پر بات ہوسکتی ہے ، کفر کے بعد سب سے بڑی گناہ رنگ کی بنیاد پر کسی سے نفرت سمجھتا ہوں۔

پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کسی ادارے کے خلاف نہیں تاہم تمام اداروں کو اپنے آئینی حدود میں رہتے ہوئے کام کرنا ہوگا ، آج اسمبلی میں سادہ مولوی ، پشتون ، بلوچ ، سندھی ، سرائیکی ، پنجابی بیٹھے دکھائی دیتے ہیں تو یہ خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی اور دیگر اکابرین کی مرہون منت ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہرنائی میں منعقدہ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ انہوں نے 48سال سے پشتون قوم کے لئے جدوجہد کے علاوہ کوئی اور کام نہیں کیا میں مہینے میں 20دن بھی اپنے گھر پر نہیں رہا ہوں پشتون قوم اور پشتونوں کے حقوق کے لئے جدوجہد کرتے ہوئے کبھی کہاں ہوتا ہوں تو کبھی کہاں اور آج اسی سلسلے میں ہرنائی آیا ہوں ۔ ہرنائی کے عوام جس انداز میں استقبال کیا اور یہاں جلسہ گاہ میں بیٹھے ان پر میں انہیں داد دیتا ہوں۔

پشتونخوا ملی عوامی پارٹی آج آباد ہوگئی ہے انگریز کے دور میں ایک خان شہید عبدالصمد خان تھے جو گلیوں میں جاتے اور لوگوںں کو بیدار کرتے آج الحمد اللہ ہر شہر اور ہر ضلع میں پشتونخوا ملی عوامی پارٹی موجود ہے اور ان میں اچھے اور باشعور اور بولنے والے لوگ موجود ہیں جو قوم کے مسائل کو حل کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ اگر ہم نے پشتون قوم کی روایات کی منافی بات کی تو ہمیں بتادی جائے۔

اور اگر ہم نے اسلام سے کوئی متصادم بات کی تو پشتون قوم میں موجود بڑے مشائخ ، علمائے کرام اور دینی طبقے کے لوگ ہماری اصلاح کریں ہم وعدہ کرتے ہیں پھر وہ بات نہیں کرینگے اور اگر ہماری باتیں پشتون قوم کے روایات اور اسلامی تعلیمات کے منافی نہیں ہیں تو پھر سب کو ہمارا ساتھ دے کر چلنا ہوگا ۔ پشتونخوا ملی عوامی پارٹی اس لئے نہیں بنائی گئی ہے کہ ہم کسی سے نفرت کرے ۔ میں اس شخص کو پشتونخوا میپ کاکارکن نہیں سمجھتا جو دشمن کی بہن اور ماں کی اتنی ہی عزت نہ کرتا ہو جتنی اپنی بہن اور ماں کا ۔ یہ سب کو معلوم ہے کہ ہم بہت مشکل دور سے گزر رہے ہیں ۔

پاکستان ہمارا مشترکہ گھر ہے جہاں بلوچ ، پشتون ، سندھی اور پنجابی ایک ساتھ رہ رہے ہیں ۔ پاکستان موجود نہیں تھا پشتون ، بلوچ ، سندھی ، سرائیکی اور پنجابی کی وطن موجود تھے ہمیں کسی نے وطن خیرات میں نہیں دیا ۔ اس سرزمین کے لئے ہمارے ابا و اجداد نے قربانیاں دی ہیں ، مادر وطن ماں کی حیثیت رکھتا ہے اور ہر شخص کی یہ کوشش رہتی ہے کہ وہ اپنی ماں کی عزت کرے اسی طرح وطن کی عزت بھی ہم سب کو کرنی ہوگی جب تک ہم وطن کی حفاظت کرتے رہے اس وقت تک وطن نے ہمیں سینے لگائے رکھا ۔

اس ملک میں کوئی غلام اور کوئی آقا نہیں یہاں رہنے والے سب برابر ہیں ہمارے درمیان آئین کی شکل میں ایک معاہدہ ہے جو ہم نے مل کر بنایا ہے جس میں ہر ادارے کے اختیارات کا تعین کا کیا گیا ہے ۔ محمود خان اچکزئی نے کہا کہ پروپیگنڈہ کیا جاتا ہے کہ پشتونخوا ملی عوامی پارٹی فوج کی مخالف ہے جس میں کوئی حقیقت نہیں وہ شخص زندہ رہنے کا لائق نہیں جو موسم کی سختی کے باوجود نہ صرف ڈیوٹی پر مامور رہتا ے۔

بلکہ خطرے کے وقت جان کی قربانی تک سے گریز نہیں کرتا تاہم کوئی بھی آسمان سے اتر کر نہیں آیا اور نہ ہی پاکستان وہ واحد ملک ہے جس کے پاس فوج موجود ہے دنیا کا ہر ملک فوج رکھتی ہے تاہم ہماری فوج کو مہربانی کرنی ہوگی جس طرح دنیا کے دیگر ممالک میں فوج کام اور گزارہ کرتی ہے اسی طرح ہماری فوج کو بھی رہنا ہوگا ۔ وہ ملک چل نہیں سکتا جس کے پاس اچھے جاسوسی ادارے اور فوج نہ ہو ۔

ہم چاہتے ہیں کہ ہمارے ملک کے سول اور فوجی جاسوسی ادارے دنیا کے بہترین ادارے بن جائیں تاہم انہیں آئین کے ماتحت رہنا ہوگا جیسا کے امریکہ و دیگر ممالک میں ، ملک کے فیصلوں کا اختیار قومی اسمبلی اور سینیٹ کے پاس ہوگا ۔ انہوں نے کہاکہ آج پاکستان مشکل حالات سے دوچار ہے ہم چاہتے ہیں کہ ملک کو اس مشکل سے نجات دلائے اس لئے ہم نے مولانا فضل الرحمن کی سربراہی میں پی ڈی ایم بنایا اس وقت پاکستان پر بڑے بڑے الزامات عائد کئے جارہے ہیں ۔

دنیا میں جہاں بھی قتل ہوتا ہے اس کی کڑیاں یہاں آتی ہے جہاں دھماکہ ہوتا ہے تحقیقات کے بعد الزام پاکستان تک پہنچ جاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم پر یہ بھی الزام ہے کہ ہم نے بھاری چیزیں بیچی ہیں جن کا نام میں نہیں لینا چاہتا ، آج دنیا دیکھ رہی ہے کہ امریکہ ایران اور شمالی کوریا پر کتنا غصہ کررہا ہے جب امریکہ ایران اور شمالی کوریا پر اتنا غصے میں ہے تو ہم پر کتنا غصے میں ہوگا ۔

اور امریکہ نے ایران کے بڑے کمانڈر جو کہ شام سے عراق پہنچ کر ایران جارہا تھاجیسے ہی وہ ائیرپورٹ سے باہر نکلا انہیں ساتھیوں سمیت مزائلوں سے اڑادیا اور کچھ دن پہلے ایران کے ایٹمی سائنسدان کو اپنے علاقے میں ماردیا گیا ۔ آج پاکستان کو گرے لسٹ میں ڈال دیا گیا ہے 6مہینہ کا وقت دیا گیا اور 6مہینے بعد بھی گرے لسٹ سے نہیں نکل سکا اور اگر کوئی غلطی ہوئی تو گرے سے بلیک لسٹ میں ڈال دیا جائے گا اور جو مہنگائی اور غربت آج ہے اس میں 10بلکہ سو گنا سے زیادہ اضافہ ہوگا ۔پاکستان ایٹمی قوت ہے۔

جو دنیا کی بہترین افواج میں سے ایک فوج رکھتا ہے عمران خان جسے وزیراعظم بنادیا گیا ہے نے روسی صدر پوٹن اورترکی صدر طیب اردہان اور ملائشیا کے مہاتیر محمد کے ساتھ وعدہ کیا تھا کہ او آئی سی صحیح طریقے سے کام نہیں کررہی ہے اس کا متبادل بنائیں گے مگر اسے سعودی شہزادے نے اپنے پاس بلوایا اور کہا کہ اگر ان کے بلائے گئے اجلاس میں گئے تو عرب میں جتنے بھی کام کرنے والے پاکستانی ہیں۔

انہیں پاکستان بھجوادوں گا اور عمران خان اپنے دیئے ہوئے زبان سے مکر گئے ہم کسی بھی قیمت پر اپنے زبان سے پیچھے ہٹنے والے نہیں ہیں۔ آج حالت یہ ہے کہ پاکستان اقتصادی طور پر اتنا کمزور ہے کہ گزشتہ روز ملائشیامیں پاکستانی طیارہ ضبط کرکے مسافروں کو بھجوادیاگیا اس کی اہم وجہ یہ ہے کہ یہاں عوامی طاقت سے حکومت نہیں بنی ہے پی ڈی ایم یہی کہہ رہی ہے کہ فوج دنیا کی افواج کی طرح اپنے کام تک محدود ہوجائے اور سیاست میں مداخلت نہ کرے ہم گھاس کھا کر آپ کو ٹینک اور اسلحہ فراہم کریں گے ۔

پارلیمنٹ موجود ہوگی عوام ووٹ کے ذریعے اپنے نمائندوں کا انتخاب کرے گی اور پارلیمنٹ خارجہ و داخلہ پالیسی بنائے ہم ذمہ داری لینے کو تیار ہیں کہ پی ڈی ایم پاکستان کو موجودہ بحرانوں سے نکال لیں گے ۔ محمود خان اچکزئی نے کہاکہ ہم نے پی ڈی ایم بنایا ہے اگر ہمارے جلسے میں کسی نے جمعیت علما اسلام سمیت کسی پارٹی کے بارے میں اخلاقیات کے منافی یا غلط بات کی تو اسے پارٹی سے نکلنا ہوگا ۔ پشتونخوا ملی عوامی پارٹی نے جس کا ساتھ دیا ہے آخری حد تک ساتھ نبھایا ہے اور ہماری کوشش ہے کہ ہم پی ڈی ایم کا ساتھ نہیں چھوڑیں گے۔

اور انشا اللہ آگے معاملات ٹھیک ہوں گے ۔ ہم پر الزام لگایا جارہا ہے کہ انہیں یہ بیانیہ اختیار کرنے پر ہندوستان اور انڈیا رقم دے رہی ہیں مودی اگر پورے ہندوستان کے پیسے اکھٹے کرکے مجھے دینا چاہے اگر میں نے لئے تو میں مسلمان نہیں ہوں گا پیسے تو انگریز کے پاس زیادہ تھے ہم نے وطن اور جانوں کا سودا کرنا ہوتا تو انگریز کے ساتھ کرتے ہمیں پیسے نہیں وطن عزیز ہیں ، ہمیں پیسے عزیز ہوتے تو جیلیں نہ کاٹتے ، انگریز سے ہماری دشمنی اس لئے نہیں تھی کہ وہ عیسائی تھے دشمنی صرف یہ تھی کہ یہ سرزمین ہماری ہے۔

اس نے قبضہ کرلی ہے اور آخر کار انگریز نکل گیا اور جب انگریز نکل گیاتو خان شہید عبدالصمد خان سفید ریشی میں ووٹ کے جدوجہد کرتے رہے کہ ہر انسان کو ووٹ کا حق حاصل ہوگا چاہے وہ غریب یا امیر ہو ، لوگ اس وقت کہتے تھے کہ صمد خان پاگل ہوگئے ہیں کہ ایک خان اور کوئی چرواہابرابر ہوں گے دونوں کو ووٹ کا حق ہوگا ۔ پاکستان بنا تو پشتون سرزمین پر دوسرے اقوام کے لوگ انتخابات میں حصہ لیتے۔

اور حتی کہ چمن کے حلقے پر ہزارہ انتخابات میں حصہ لیتا تھا اور ہمارے لوگوں کو ووٹ کا معلوم نہیں تھا یہاں کے مقامی لوگوں کو اسمبلی جانے کے لئے کوئی نہیں چھوڑتا تھا؟ آج اسمبلی میں عوام کے منتخب کردہ سادہ پشتون اور مولوی بیٹھے دکھائی دیتے ہیں یہ ہمارے مرہون منت ہے اور آج کے مسائل سے نجات دلانا بھی ہم ممکن بنا سکتے ہیں ۔ عوام کی طاقت اللہ کی طاقت ہے ۔

پشتون سرزمین میں ہر وہ نعمت موجود ہے جس کا ذکر قرآن کریم میں موجودہے اس کے باوجود بھی ہم اپنے ہی وطن میں بزرگر کے طور پر کام کررہے ہیں ۔ آج ٹی بی پشتون قوم کا قومی مرض بن چکاہے 10 سے 15سال نوجوان تواتر کے ساتھ کام کرتے رہتے ہیں اور انہیں صحیح خوراک نہیں ملتی اس کے بعد وہ ٹی بی کے مرض میں مبتلا ہوجاتے ہیں ۔ قرآن کریم سے ثابت ہے کہ اللہ تعالی نے کسی رسول ، پیغمبر اور کتاب کوجس قوم کے لئے بھیجا ہے اسی قوم کے ہی زبان میں بھیجا ہے جب اللہ تعالی نے زبان کو اہمیت دی ہے تو ہماری زبان کا مذاق کیوں اڑایا جارہا ہے ۔

ہم پاکستان میں برابری کی بنیاد پر رہنا چاہتے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ ایک تاثر دیا جارہاہے کہ ہم پنجابیوں سے نفرت کرتے ہیں مگر میں کفر کے بعد دوسری سب سے بڑی گناہ یہ سمجھتا ہوں کہ کسی انسان سے اس کی رنگ کی بنیاد پر نفرت کی جائے ۔ آج ہم جس بھوک و افلااس کا سامنا کررہے ہیں جابر قوتوں کی ہمارے وسائل پر قبضے کی وجہ سے ہے ۔

انہوں نے کہا کہ جو حکمران غریب کو کھانا نہیں دے سکی اسے حکومت کرنے کا کوئی حق نہیں ہے ۔ آج پاکستان کو چلانے کا ایک ہی راستہ ہے وہ ہے آئین کی پاسداری ۔ دفعہ ایک 44کی خلاف ورزی پر سینکڑوں لوگ مارے گئے ہیں اور اگر کوئی اپنے حلف جو کہ آئین ہے اور آئین قرآن کریم ہے اس کی خلاف ورزی کرتا ہے تو دوسرے کیوں اس کی پاسداری کریں گے ۔

ہماری بدقسمتی یہ ہے کہ یہاں لیڈر ایجاد کیا جاتا ہے لیڈر ایجاد نہیں ہوتا لیڈر عوام سے نکلتاہے ۔ افغانستان میں امن وامان کی صورتحال انتہائی خراب ہے 2مسلمان گروپس آپس میں دست و گریبان ہیں مگر دنیا کے 51مسلمان ممالک میں کوئی ایک بھی ان کے درمیان صلح کرانے کے لئے آرہا ۔ سیکورٹی کونسل کے پانچوں ممالک کے لوگ ہماری سرزمین پر قتل ہوئے ہیں۔

انہوں نے ہماری سرزمین کے تمام وسائل کا پتہ لگالیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پشتونخوا ملی عوامی پارٹی افغانستان کے تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ اس بنیاد پر تعلقات چاہتے کہ وہ افغانستان کو ایک آزاد اور مستقل ملک تسلیم کرتے ہوئے ان کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتا ہو ۔ ہمارا اگر کوئی نہیں مان رہا توعلامہ اقبال اور قائداعظم محمد علی جناح کی بات تسلیم کرے ۔

انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم نے عمران خان کو 31تاریخ تک استعفی دینا کا وقت دیا ہے اگر وہ استعفی دے تو دوسری قوتوں کے ساتھ بات کی جاسکتی ہے اور بات بھی آئین کی بالادستی کی ہوگی ۔ چمن میں آئے روز واقعات رونما ہورہے ہیں اورکہا جارہاہے کہ اسمگلنگ کی جارہی ہے دہشت گردی کا خطرہ ہے اور دوسری جانب کہا جاتا ہے کہ ہندوستان ہمارا سب سے بڑا دشمن ہے تو ہم پوچھنا چاہتے ہیں کہ لاہور سے انڈیا کے بارڈر تک کوئی ایک چین ( چیک پوسٹ ) کیوں نہیں ہے ، لاہور شہر انڈیا کے سامان سے بھرا ہوا ہے جبکہ چمن اور طورخم پر لوگوں سے ٹیکس لے لیا جاتا ہے۔

اور پھر چیک پوسٹوں پر اور بعد ازاں وہ سامان کوئٹہ اور دیگر شہروں تک پہنچ کر دکانوں میں پڑا سامان ضبط کرلیا جاتاہے ، ٹیکس دینے کے باوجود سامان کراچی میں پکڑا جاتا ہے اس وقت بھی سو سے زائد گاڑیاں پانچ پانچ مہینوں سے کھڑی کی گئی اور ان کے کیسز چل رہے ہیں ہمیں کیوں کاروبار نہیں دیا جارہاہے آپ کو ہماری پگڑی ، مونچھیں یا داڑھی پسند ہے یا نہیں ہم یہ رکھیں گے ۔