|

وقتِ اشاعت :   January 19 – 2021

گوادر: بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی آڈٹ کمیٹی کا اجلاس گوادر میں سابق نگران صوبائی وزیر اور گوادر اکنامک فورم کے صدرمیر نوید کلمتی کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے چیف ایگزیکٹو فرمان زرکون اورڈائریکٹر بورڈ سیدرضا حسن نے شرکت کی، اجلاس میں گزشتہ سال کے ایس ای سی پی آڈیٹرسے منظور شدہ اکاؤنٹس کی منظوری دی گئی۔

جبکہ پاکستان اور ایران کے مابین نئے بارڈر کراسنگ پوائنٹ (گپت) کے تناظر میں پالیسی مرتب کرنے پر زور دیا گیا تاکہ بارڈر ایریا میں سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے اقدامات کئے جا سکیں اس موقع پربارڈ ر سمیت گوادر فری زون اور گوادر پورٹ کی اہمیت کے پیش نظر گوادر میں سرمایہ کاری بورڈ کے دفتر کے جلد قیام پر زور دیا گیا تاکہ گوادر اور فری زون میں سرمایہ کاری کے خواہشمند سرمایہ کاروں کو سہولت فراہم کی جا سکے۔

یاد رہے کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی صدارت میں بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس میں گوادر میں دفتر کے قیام کی منظوری دی گئی تھی مگر کورونا کے باعث یہ منصوبہ تاخیر کا شکار ہوا تاہم اب اسلام آباد اور کراچی دفاتر کے قیام کے بعد گوادر میں دفتر کے قیام پر پیشرفت کی جائیگی۔

اجلاس میں ادارے کی فعالیت اور اسے نتیجہ خیز بنانے کے سلسلے میں انتظامیہ کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا گیاکہ بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ اب ایک مکمل فعال ادارہ بن چکا ہے اور یہ اہلیت رکھتا ہے کہ صوبے میں سرمایہ کاری کی تشہیر کیساتھ ساتھ آنیوالے سرمایہ کاروں کو سہولیات فراہم کر سکے۔