|

وقتِ اشاعت :   January 20 – 2021

تربت: کمشنر مکران شاہ عرفان غرشین کی سربراہی میں ایک اہم اجلاس گزشتہ روز کمشنر مکران آفس تربت کے مقام پر منعقد ہوا۔ اجلاس کے دیگر شرکاء میں ڈپٹی کمشنر کیچ میجر( ر) الیاس کبزئی کے علاوہ محکمہ صحت،تعلیم،بی اینڈ آر اور واپڈا سمیت دیگر محکموں کے ڈویژنل سربراہان نے بھی شرکت کی۔اس دوران اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر مکران ڈویژن شاہ عرفان غرشین نے کہا کہ تمام ڈویژنل افسران اپنے فرائض کو ایمان داری سے نبھاتے ہوئے ۔

اپنے دفاتر کو ایک مؤثر نظام کے تحت چلائیں تاکہ اداروں کی کارکردگی میں بہتری پیدا ہو اور عوامی شکایات کا بروقت ازالہ کیا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ تمام ادارہ جاتی مسائل کا حل باہمی صلاح و مشورے اور مشترکہ حکمت عملی سے ہی ممکن ہوگا۔انہوں نے کہا کہ اگر ہم محنت اور لگن سے کام کرینگے تو ہماری کارکردگی کے نتائج یقیناً مثبت آئیں گے۔

اس دوران انہوں نے محکمہ بی اینڈ آر کے افسران پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ خود ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئیترقیاتی منصوبوں کی باقاعدگی کے ساتھ نگرانی کریں تاکہ ان منصوبوں کو بروقت مکمل کیا جاسکے اور انکے کام کے بہتر میعار کو بھی ممکن بنایا جا سکے۔دریں اثناء کمشنر مکران نے محکمہ صحت کے اہلکاروں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ دیہی علاقوں میں صحت کی سہولیات پہنچانے کے لیے ڈسپنسریوں اور بی ایچ یوز میں خصوصی طور پر اپنی توجہ مرکوز کریں۔

تاکہ عوام کو صحت کی سہولیات انکے اپنے دہلیز تک پہنچائی جاسکے۔اس دوران انہوں نے محکمہ تعلیم کے افسران کو تعلیم کے نظام میں بہتری پیدا کرنے کے لیے ترجیحی بنیادوں پر کام کرنے کی بھی تلقین کی۔اس موقع پر انہوں نے محکمہ واپڈا کے اہلکاروں پر بھی زور دیتے کہا کہ وہ اپنے بلنگ کے نظام میں بہتری پیدا کریں تاکہ سرکاری دفاتر کا نظام متاثر نہ ہو اور انکے واجبات میں بھی اضافہ ممکن بنایا جا سکے۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کیچ میجر( ر) الیاس کبزء نے بھی واپڈا اہلکاروں کو بجلی کے نظام میں بہتری لانے کے لیے اپنی تجاویز اور آرا بھی دیں۔قبل ازیں انہوں نے سرکاری افسران پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ دفاتر میں اپنی اور اپنے عملے کی حاضری کو یقینی بنائیں۔

اور اپنی کارکردگی رپورٹ کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم اور سرکاری میڈیا گروپس میں باقاعدگی کے ساتھ پوسٹ کریں تاکہ ان کی مزید تشہیر پرنٹ اور الیکٹرونک میڈیا پر کی جاسکے علاوہ ازیں کمشنر مکران نے سرکاری افسران سے انکے مسائل معلوم کیا او ر ڈویژنل سطح پر مختلف محکموں کی کارکردگی کو بہتر بنانے کیلئے ان سے تجاویز بھی مانگیں۔