|

وقتِ اشاعت :   January 21 – 2021

تربت: ایف سی بلوچستان ساؤتھ کے انسپکٹرجنرل میجر جنرل ایمن بلال صفدر نے کہاہے کہ ایف سی عوام کی خادم فورس ہے، عوام کے تعاون سے ایف سی نے امن وامان کے قیام میں مثالی کردار اداکیا ہے۔

ایف سی کی پہلی ترجیح سیکورٹی کی صورتحال بہتربنانا رہی ہے اب سیکورٹی معاملات بہتربنانے کے بعد تمام ترتوجہ ترقی وخوشحالی پرمرکوز ہے، ان خیالات کااظہار انہوں نے ہیڈکوارٹر ایف سی بلوچستان ساؤتھ تربت میں ایک گرینڈ جرگہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا، گرینڈ جرگہ میں کمشنرمکران ڈویڑن شاہ عرفان احمد غرشین،ڈی سی کیچ میجر(ر) محمد الیاس کبزئی۔

وائس چانسلر تربت یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر عبدا لرزاق صابر سمیت علاقائی وقبائلی عمائدین، کاروباری وتاجربرادری، سول سوسائٹی ودیگرطبقات سے تعلق رکھنے والوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی، آئی جی ایف سی بلوچستان ساؤتھ میجرجنرل ایمن بلال صفدر نے کہاکہ بارڈر کوبند نہیں کیاجارہاہے بلکہ بارڈر کومینیج کیاجارہاہے، علاقہ کے لوگوں کی مشکلات کا ادراک ہے، کوئی ایسا قدم نہیں اٹھایاجائے گا ۔

جس سے عوام کو پریشانیوں کا سامنا ہو، 31مارچ تک ایرانی سرحد پر باڑ لگانے کا مشکل کام مکمل ہوجائے گا، جس کے بعد کراسنگ پوائنٹس پرکام شروع کیاجائے گا اوراگست تک تمام کراسنگ پوائنٹس مکمل کرلئے جائیں گے، سرحدکے ساتھ تمام کراسنگ پوائنٹس پر بارڈر مارکیٹس کا قیام بھی زیرغورہے تاکہ سرحدی علاقوں کے عوام کو روزگار کے وسیع مواقع میسر آسکیں، انہوں نے کہاکہ کوشش کررہے ہیں کہ ساؤتھ بلوچستان پیکیج کے اثرات جلد براہ راست اس علاقہ میں آئیں گے۔

اس پیکیج میں زراعت، لائیواسٹاک سمیت دیگرشعبوں میں کئی ایک منصوبے شامل ہیں، انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہاکہ ایف سی کامقصد کسی کوتنگ کرنا نہیں بلکہ سروس مہیا کرنا ہے، ایف سی میں مقامی نوجوانوں کی بھرتی کاپروگرام شروع کیاگیاہے، سال میں 2مرتبہ بھرتیاں کی جاتی ہیں ہر بیچ میں 500نوجوان لئے جائیں گے اور آئندہ چند سالوں میں ایف سی میں مقامی لوگوں کی تعداد8سے10ہزار تک ہوجائے گی۔

انہوں نے کہاکہ جونوجوان غلط راستے پربھٹکے ہوئے ہیں وہ واپس آئیں ترقی وخوشحالی کے سفرمیں شامل ہوجائیں کیونکہ انہیں استعمال کرنے والے خود اوران کے بچے بیرون ملک عیش کررہے ہیں اور یہاں کے سادہ لوح نوجوانوں کی مجبوریوں سے ناجائز فائدہ اٹھاکر انہیں پہاڑوں پر بھیجتے ہیں‘ انہوں نے کہاکہ کپکپار اسکول کی عمارت کی تعمیر کیلئے فوری طورپر 50لاکھ روپے خرچ کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔

آج کے بعد کوئی بھی طالب علم اسکول عمارت کیلئے کرایہ جمع نہیں کرے گا، جرگہ میں سابق چیئرمین ضلع کونسل کیچ معتبرحاجی برکت رند، سردار عزیزاحمدبزنجو،رحیمہ جلال رند، مینا مجید، سہل جان بلیدی، کہدہ عزیز دشتی، فضل کریم بلوچ، حاجی ارشاد ڈھنڈائی، ہوشاپ کے ڈاکٹرفضل۔

انجمن تاجران کے اسحاق روشن دشتی، ڈی سی اے کے صدر شہدوست دشتی،ندیم بلیدی، معراج روشن، کریم شمبے،مولوی محمد سلیم زامرانی، درمحمد بلیدی، ڈی ایف اے کے حاجی فداسمیت دیگرنے بھی اظہارخیال کیا اور مختلف سوالات، تجاویز اور آراء￿ پیش کئے اور امن وامان کی بحالی کے حوالے سے ایف سی کی خدمات کو سراہا،آخرمیں مہمانوں کے اعزازمیں ظہرانہ دیا گیا۔