کوئٹہ: میٹروپولیٹن ایمپلائز ایسوسی ایشن کوئٹہ کی جانب سے اپنے مطالبات کے حق میں کوئٹہ پریس کلب کے سامنے احتجاجی کیمپ لگادیا گیا جس میں ملازمین کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ بدھ کو میٹروپولیٹن ایمپلائز ایسوسی ایشن کوئٹہ کے صدر ڈاکٹر عبدالحلیم کاسی ، جنرل سیکرٹری ذوالفقار ایم گل و دیگر کی سربراہی میں ملازمین نے اپنے مطالبات کے سلسلے میں پریس کلب کے باہر احتجاجی کیمپ لگادیا ۔
اس موقع پر مختلف طبقہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے احتجاجی کیمپ پہنچ کر ان کے ساتھ اظہار یکجہتی کی ۔ احتجاجی ملازمین نے سینئر ملازمین کو فوری طور پر ترقی دینے ، ملازمین اور ان کے اہل خانہ کے مریضوںکو میڈیکل الائونس کے تحت ہسپتال کے اخراجات فراہم کرنے ، پروموشن کمیٹی میں ایمپلائز ایسوسی ایشن کو نمائندگی۔
ایک سے زائد اضافی چارج کا خاتمہ ، میٹروپولیٹن کارپوریشن ملازمین کے رہائش پذیر کوارٹرز کی مرمتی کمیٹی میںایمپلائز ایسوسی ایشن کو نمائندگی دینے ، تمام ملازمین کو پے سلپ کا اجراء ، فوت شدہ ملازمین کے ورثاء کو ڈیلی ویجز تعینات کرنے ، ڈیلی ویجز ملازمین کو بروقت تنخواہوں کی ادائیگی۔
خواتین سینٹری ورکرز کو ترقی دینے ودیگر مطالبات پیش کرتے ہوئے کہاکہ صوبائی وزیر بلدیات ، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ و دیگر اعلیٰ حکام ملازمین کو درپیش مسائل کے حل کے لئے احکامات دیں بصورت دیگر ان کا احتجاج جاری رہے گا۔