کوئٹہ: تحریک انصاف ڈسٹرکٹ کوئٹہ کے صدر حاجی سیف اللہ خان کاکڑ نے کہا ہے کہ فارن فنڈنگ کیس پر بغلیں بجانے والے اپنی کرپشن کا حساب دیں عمران خان کا دامن صاف ہے انہیں فارن فنڈنگ کیس سے کوئی ڈر ہے نہ خطرہ جنہیں اپنی کرپشن کا مال بچانے کی فکر ہے وہ جیلوں میں جانے کیلئے تیار ہوجائیں پلوامہ ڈرامہ کے ڈراپ سین کے بعد مودی دنیا بھر میں بے نقاب ہوگیا۔
یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں انہوںنے کہاکہ فارن فنڈنگ کیس میں کچھ بھی نہیں ہے براڈ شیٹ قطری خط ایوان فیلڈ اور دیگر ذرائع سے جن کی کرپشن کی داستانیں سامنے آرہی ہیں وہ فارن فنڈنگ کیس کے پیچھے خود کو چھپانے کی ناکام کوششیں کررہے ہیں عمران خان نے سب سے پہلے خود کو اھتساب کیلئے پیش کیا کیونکہ ان کا دامن اور ہاتھ صاف ہیں۔
پی ڈی ایم فارن فنڈنگ کیس کے پیچھے چھپانے کے بجائے اپنی کرپشن کا جواب دے، پوری قوم ان سے جواب مانگ رہی ہے دریں اثناء انہوںنے پلوامہ ڈرامے کے حقائق سامنے آنے پر کہاہے کہ مودی نہ صرف دوسرے ممالک بلکہ اپنے ہی ملک میں بھی دہشتگردی کرارہاہے، اور ارنب گوسوامی کی لیک چیٹ نے پوری دنیا کے سامنے حقائق کھول دیئے۔