|

وقتِ اشاعت :   January 22 – 2021

کوئٹہ: لوکل میڈیکل سٹوڈنٹس کوہلو کے رہنماوں نے کہا ہے کہ میڈیکل کالج کی سیٹوں میں کوہلو کے طلباء کے ساتھ ہونے والی نا انصافی کافوری نوٹس لیتے ہوئے غیرمقامی طلباء کی کوہلو کیلئے مختص نشستوں پر داخلے منسوخ کئے جائیں بصورت دیگر شدید احتجاج پر مجبور ہونگے۔

یہ بات ڈاکٹر جانباز بلوچ اور شاہ بیگو نے مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی اس موقع پر بلوچ سٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی کے چیئرمین نواب بلوچ سمیت دیگر بھی موجودتھے۔ انہوں نے کہا کہ کوہلو بلوچستان کا پسماندہ ترین ضلع ہے جہاں تعلیمی سہولیات نہ ہونے کے برابر ہیں جس کی وجہ سے ہمارے طلباء کوئٹہ اورڈیرہ غازی خان سمیت ملک کے دیگرحصوں کا رخ کرتے ہیں ۔

جہاں انہیں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے مشکل صورتحال میں رہتے ہوئے جب ہمارے طلباء انٹری ٹیسٹ میں شریک ہوئے تو اسکے بعد انہیں علم ہواکہ میڈیکل کالجوں میں ان کیلئے مختص نشستوں پرغیرمقامی طلباء کامیاب ہورہے ہیں جس کی وجہ سے ان میں شدید بے چینی پائی جاتی ہے انہوں نے کہا کہ میڈیکل کی سیٹوں سمیت دیگر امتحانات میں بھی ہمارے طلبا ء کے ساتھ ایسی نا انصافی ہورہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حال ہی میں میڈیکل کالجوں میں غیرمقامی طلباء سمیت دوسرے صوبوں سے تعلق رکھنے طلباء بھی امتحان دینے والوں میں شامل ہیں جس کے خلاف ضلع کوہلو کے عوام اور طلباء سراپا احتجاج ہیں گزشتہ ہفتے کوہلو میں ریلی بھی نکالی گئی اور علامتی بھوک ہڑتالی کیمپ لگایا گیاانہوں نے کہا کہ اگرصورتحال کا فوری طورپر نوٹس لیتے ہوئے غیرمقامی افراد کے جعلی لوکل سرٹیفکیٹ منسوخ نہ کئے گئے تو سبی ،کوہلو اور کوہلو ڈی جی خان شاہراہ کوبند کردیں گے۔