کوئٹہ: پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صوبائی صدر سابق اسپیکر جمال شاہ کاکڑ نے کہا ہے کہ مسلم لیگ(ن) کے ساتھ مشکل دور میں کھڑے رہنے والے ورکر پارٹی کا اثاثہ ہیں ورکروں سے مشاورت اور آئندہ کا لائحہ عمل طے کرنے کیلئے 31جنوری کو کوئٹہ میں مسلم لیگ(ن) ضلع کوئٹہ کی جنرل باڈی کا اجلاس طلب کرلیا ہے ۔یہ بات انہوں نے ہفتہ کو اپنے جاری کردہ ایک بیان میں کہی ۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) نے ہمیشہ عوام ،جمہوریت ،آئین اورپارلیمنٹ کی بالادستی کیلئے جدوجہد کی ہے ہماری تاریخ جمہوری جدوجہد سے بھری پڑی ہے جبکہ پارٹی جب بھی برسراقتدارآئی یا اپوزیشن میں رہی ہم نے عوامی خدمت کو اپنانصب العین بنایا ہے یہی وجہ ہے کہ بلوچستان میںآج بھی بہت سے لوگ شمولیت کیلئے تیار ہیں اورجلد ہی پارٹی میں شمولیتوں کاسلسلہ شروع ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ پارٹی اسوقت مشکل دور سے گزر رہی ہے لیکن یہ مشکل وقت اس لئے آسان ہے کیونکہ مسلم لیگ(ن) کے نظریاتی اور کمٹڈ ورکر ہروقت پارٹی کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔
اور کسی بھی مشکل کے برعکس انہوں نے پارٹی کے ہرفیصلے پرلبیک کہا ہے۔ انہو ں نے کہا کہ نظریاتی اورساتھ کھڑے رہنے والے کارکن اور رہنما ہمارا اثاثہ ہیں جن کی مشاورت سے ہی پارٹی کے تمام فیصلے کئے جاتے ہیں ۔
انہو ں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) ضلع کوئٹہ ک جنرل باڈی کا اجلاس 31جنوری کوکوئٹہ میں بلایاگیا ہے جس میں نہ صرف مخلص کمٹڈ اورنظریاتی ورکروں کی حوصلہ افزائی کریں بصورت انکی مشاورت سے آئندہ کا لائحہ عمل بھی طے کیا جائے گا۔