|

وقتِ اشاعت :   January 24 – 2021

کوئٹہ: بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی کمیٹی کے ممبر غلام نبی مری کی قیادت میں وفد میں ضلعی سینئر نائب صدر ملک محی الدین لہڑی ،لیبرسیکرٹری ڈاکٹرعلی احمدقمبرانی ،سابق ضلعی صدر میر غلام رسول مینگل ،ضلعی کونسلران رضاجان شاہی زئی ،ملک محمدحسن مینگل اور عبدالباسط بلوچ نے گزشتہ روز شیوان ادبی کاروان بلوچستان کے زیراہتمام منیراحمد چوک برماہوٹل کے مقام پر منعقدہ تین روزہ کتابی میلہ کا دورہ کیا۔

تین روزہ کتابی میلے لگانے کا مقصد برائیوی زبان کے شاعر خالد پرکانی جو بلڈ کینسر جیسے موذی بیماری میں مبتلاہے اور آغا خان ہسپتال میں زیر علاج ہے کی مالی معاونت کرناہے ،اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے غلام نبی مری ودیگر نے شیوان ادبی کاروان کے کتابی میلے کے اقدام کو سراہتے ہوئے کہاکہ برائیوی زبان کے شاعر کی مالی مدد کیلئے مثبت اقدام اٹھایاگیاہے۔

بلوچستان میں کینسر جیسا موذی مرض دن بدن بڑھتا جارہاہے اور لوگ اس موذی مرض سے متاثر ہورہے ہیں اس موذی مرض سے بچائو کیلئے ہسپتال کی تعمیر کا منصوبہ مکمل نہ ہوسکا حالانکہ صوبائی حکومت کی جانب سے شیخ زید ہسپتال میں کینسر ہسپتال کی تعمیر سے متعلق دعویٰ تو بہت کئے گئے تھے لیکن عملی اقدامات نہ ہونے کے برابر ہے ،بلوچستان جو معدنیات اور قدرتی دولت اور وسائل سے مالا مال ہے ۔

لیکن بلوچستان کے لوگ موذی امراض سے متاثر ہورہے ہیں لیکن یہاں بنیادی علاج ومعالجے کی سہولیات میسر نہیں انہوں نے کہاکہ حکمرانوں کو صرف بلوچستان کے وسائل سے سروکار ہے صوبے میں عوام کو صحت ،تعلیم سمیت بنیادی سہولیات کی فراہمی آج بھی نہ ہونے کے برابر ہے ،آج بھی بلوچستان میں موذی امراض سے بچائو کیلئے بنیادی سہولیات میسر نہیں ۔

انہوں نے بلوچستان کے مخیر حضرات سے اپیل کی کہ وہ برائیوی زبان کے شاعر خالد پرکانی کی مالی معاونت کرے تاکہ خالد پرکانی اس موذی مرض سے صحت یاب ہوجائیںکیونکہ ادیب،شاعر،استاد اوردیگر کی معاشرے کی سدھار اور بہتری میں اہم کردار ہوتاہے۔

لیکن بدقسمتی سے موذی امراض سے بچائو کیلئے سہولیات نہ ہونے کی وجہ سے ذہین لوگ اس طرح کے موذی بیماریوں سے دوچار ہوتے ہیں ، بلوچستان نیشنل پارٹی اپنی طرف سے شاعر خالد پرکانی کی ہرممکن مدد اور تعاون کریگی ۔