|

وقتِ اشاعت :   January 24 – 2021

کوئٹہ: گورنر بلوچستان جسٹس (ر) امان اللہ خان یاسین زئی نے کہا ہے کہ بلوچستا ن پولیس نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر بلوچستان میں امن کے قیام کو یقینی بنایا ہے۔ پولیس کے شہد اء کی قربانیوں کو ہمیشہ یا د رکھا جائے گا آئی جی پولیس بلوچستا ن محسن حسن بٹ اور سابق ایڈیشنل آئی جی پولیس بلوچستان عبدالرزاق چیمہ سمیت پولیس کے جوانوں کی محنت اور کاوشوں سے بلوچستان کے حالات میں بہتری آئی اس حوالے سے مزید اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے آئی جی پولیس بلوچستان محسن حسن بٹ کے اعزاز میں منعقدہ الوداعی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پولیس آفسیران ایڈیشنل آئی جی سی ٹی سی ، ڈی آئی جی ہیڈکوارٹر ذوالفقار حمید ، آر پی او و ڈی آئی جی کوئٹہ محمد اظہر اکرم ، ڈی آئی جیز پولیس سید فدا حسین شاہ ، شہاب عظیم لہڑی ، ڈی آئی جی سی ٹی ڈی اعتزاز احمد گورایہ،ڈی آئی جی کرائم وزیر خان ناصر، کمانڈنٹ پی ٹی سی محمد سلیم لہڑی ۔

ایس ایس پی آپریشن کوئٹہ کیپٹن (ر) اظفر میسہر ،ایس ایس پی انوسٹی گیشن اسد خان ناصر ،اے آئی جی آپریشن آغا رمضان علی، اے آئی جی اسٹیبلیشمنٹ طاہر علاوالدین ، اے آئی جی فنانس سہیل احمد شیخ سمیت دیگر بھی موجود تھے گورنر بلوچستان کا کہنا تھا آئی جی پولیس بلوچستان محسن حسن بٹ جب یہاں تعینات ہوئے اور ذمہ داریاں سنبھالی تو اس وقت حالات بہت خراب تھے۔

ان کے آنے کے بعد حالات میں بہتری آئی صوبے میں حالات کی بہتری اور امن کے قیام کو یقینی بنانے میں آئی جی پولیس محسن حسن بٹ، سابق ایڈیشنل آئی جی پولیس عبدالرزاق چیمہ، پولیس آفسران اور دیگر جوانوں کی محنت اور کاوشیں شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں بلوچستان پولیس پر فخر ہیں کیونکہ پولیس نے عوام کے جان و مال کے تحفظ اور امن کے قیام کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر امن قائم کیا کیونکہ پولیس فورس کے شہداء کی قربانیوں کو ہمیشہ یا د رکھا جائے گا بلوچستان پولیس نے اپنے فرائض منصبی کو احسن طریقے سے نبھایا ہے۔