|

وقتِ اشاعت :   January 24 – 2021

کوئٹہ: امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہاکہ پی ٹی آئی کی حکومت مسلسل عوام پر مہنگائی کے نشتر چلارہی ہے۔ پٹرول ، بجلی، گیس ، اشیاء خوردونوش سمیت تمام ضروریات زندگی کی چیزیں عوام کی دسترس سے باہر ہوچکی ہیں۔ ماہرین رواں سال بجلی، گیس اور پٹرولیم مصنوعات کے نرخوں میں کم ٹیکس اہداف کے باعث اضافے کا خدشہ ظاہر کررہے ہیں۔

تحریک انصاف نے ملک و قوم کا ستیاناس کرکے رکھ دیا ہے۔جماعت اسلامی ہی قوم کو مسائل ومشکلات اور پریشانیوں کے دلدل سے نکال سکتی ہے ۔موجودہ وسابقہ حکومتوں کے اسکینڈلزوبدعنوانی کی رپورٹس تو آرہی ہے مگر قومی دولت کسی سے برآمد ہورہی ہے نہ کسی کوسزادی جارہی ہے ۔بھاری قرضے لیے جارہے ہیں مگر ادائیگی کا نہ کوئی منصوبہ اور نہ ہی ارادہ ہے ۔

ان خیالات کااظہارانہوں نے دورہ گوادر کے موقع پر مختلف تقاریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف کی حکومت اپنے اڑ ھائی سال مکمل کرچکی ہے۔لیکن ملک کے معاشی حالات دن بدن دگرگوں ہوتے جا رہے ہیں۔جب تک حکومت سنجیدہ طرز عمل کا مظاہرہ نہیں کرتی،اس وقت تک پاکستانی عوام کی قسمت نہیں سنور ے گئی ۔بجلی اور پٹرولیم کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ منی بجٹ لانے کے مترادف ہے۔

عوام پر500ارب روپے کا بوجھ پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ زرمبادلہ کے ذخائر جو 20ارب ڈالر سے تجاوز کرچکے تھے اب 13ارب ڈالر پر پہنچ گئے ہیں۔ مہنگائی، بے روزگاری اور لاقانونیت نے عوام کی زندگی اجیرن بنادی ہے۔ تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد حکمرانوں کی ناکام معاشی پالیسیوں اور بے حسی کی وجہ سے تبدیلی سے مایوس ہوچکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ براڈ شیٹ بھی پانامہ کی طرح بڑا اسکینڈل ہے۔ اس کی جلد تحقیقات ہونی چاہیے۔ انکوائری کمیٹی میں گرماگرمی ناقابل فہم ہے۔ حکومت اور اپوزیشن دونوں ہی براڈ شیٹ کے معاملے میں غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کررہے ہیں۔

عوام اس اہم معاملے کو التوا کا شکار نہیں ہونے دیںگے ملک کے خزانے کو عوام کی فلاح و بہبود پر خر چ کرنے کی بجا ئے حکمرانوں نے ہمیشہ ذاتی مفادات اور سیاسی فوائد حاصل کرنے کے لیے استعمال کیا ہے۔ فارن فنڈنگ کیس کے حوالے سے الیکشن کمیشن پر دبائو شرمناک اقدام ہے ۔