|

وقتِ اشاعت :   January 24 – 2021

خضدار: رکن بلوچستان اسمبلی میر یونس عزیز زہری نے کہاہے کہ خضدار میںکسٹمز حکام کی آمد اورشہریوں کی گاڑیوں کو قبضے میں لیئے جانے کے حوالے سے خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے ، خضدار کے شہری اس حوالے سے بے فکر رہیں ۔کسی کو بھی اس طرح اجاز ت نہیں دی جاسکتی ہے کہ وہ شہریوں کی گاڑیاں قبضے میں لیںیا ان کے معمولات میں خلل ڈالے ۔

خضدار کے شہریوں کے مفادات ہمیں بے حد عزیز ہیں اور ان کے کسی بھی نقصان کو ہم برداشت نہیں کرسکتے ہیں۔جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی رہنماء و رکن بلوچستان اسمبلی میر یونس عزیز زہری کا کہنا تھا کہ اگرممکنہ طور پر شہریوں کے نوٹس میں ایسی کوئی بات آئے تو وہ اسے میرے علم میں ضرور لائیں ، تاکہ اس کا تدارک کیاجاسکے۔خضدار کے شہریوں نے ماضی میں کافی دکھ اور درد دیکھا ہے۔

وہ اس طرح کی کسی بھی پریشانی کا متحمل نہیں ہوسکتے ہیں ، خضدار میں مفادِ عامہ کی خاطر وفاقی اور صوبائی حکومت پر یہ امر لازم ہے کہ وہ یہاں پیکج دینے کا اعلان کریں ، یہاں عوام کو روزگار دیاجائے ، صنعتیں لگائی جائیں۔

خضدارقدرتی گیس سے محروم ہے اس منصوبے کی بنیاد رکھی جائے عوام کی فلاح وبہبود کے لئے منصوبے تشکیل دیئے جائیں ۔تاہم یہ عمل کسی بھی طرح قبول نہیں ہے کہ جو سہولت شہریوں کے ہاتھوں میں ان کی ذاتی کمائی سے پہلے سے موجود ہے ان سے شہریوں کو محروم کیا جائے اس عمل کو کسی بھی طرح برداشت نہیں کیا جاسکتاہے ۔