|

وقتِ اشاعت :   January 25 – 2021

کراچی: کینیڈا میں خود ساختہ جلاوطنی اختیار کرنے والی بلوچ سیاسی رہنما کریمہ بلوچ کی میت کراچی سے تدفین کے لیے بلوچستان کے ضلع کیچ روانہ کردی گئی ہے،تدفین آج 25 جنوری کو ان کے آبائی علاقے تمپ میں کی جائے گی۔

کریمہ کی موت دسمبر2020 میں کینیڈا میں ہوئی تھی اور ٹورنٹو پولیس نے ان کی ہلاکت کے پیچھے کسی جرم کے امکان کو مسترد کردیا تھا تاہم خاندان کے افراد نے یہ تسلیم کرنے سے انکار کرتے ہوئے تحقیقات کا مطالبہ کیا تھا۔کریمہ بلوچ کا جسد خاکی اتوارکوعلی الصبح ٹورنٹو سے کراچی پہنچا تو ائیرپورٹ پرسیکورٹی حکام کی بڑی تعداد موجود تھی،ان کا جسد خاکی ان کے بھائی دیگرعزیزواقارب نے وصول کیا۔

ان کی بہن ماہ گنج بلوچ کا کہنا ہے کہ کریمہ کی میت پاکستان پہنچی مگر حکام نے چار گھنٹے کی تاخیر کے بعد اسے خاندان کے حوالے کیا،حوالگی کے بعد خاندان کے افراد میت کے ہمراہ بذریعہ سڑک اپنے آبائی علاقے کی جانب روانہ ہوگئے ہیں۔قبل ازیں بی ایس اوکی جانب سے بانک کریمہ بلوچ کی نمازجنازہ کراچی کے علاقے لیاری میں مولوی عثمان پارک میں ادا کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔

تاہم پارک پرتالے لگادیے جانے اورجسد خاکی تاخیرسے ملنے کی وجہ سے لیاری میں ان کی نمازجنازہ ادا نہیں کی گئی چاکیواڑہ چوک پران کی غائبانہ نمازجنازہ ادا کی گئی ہے۔ کریمہ بلوچ کی آج ان کے آبائی علاقے تمپ میں تدفین کی جائے گی۔دریں اثناء شہید بانک کریمہ بلوچ کی میت تمپ پہنچ گئی، اہل خانہ نے آج تدفین کا اعلان کیا ہے۔

تربت میں سیکیورٹی انتہائی سخت، مین شاہراہیں بند کردی گئیں، موبائل سروس رات تک بحال نہ ہوسکا۔ بی ایس او آزاد کی سابقہ مرکزی چیئرپرسن شہید بانک کریمہ بلوچ کی میت اتوار کو شام 6 بجے ڈی بلوچ تربت سے تمپ کے لیے سیکیورٹی کی نگرانی میں روانہ کردی گئی،اتوار کو تربت میں موبائل سروس بند کردی گئی جو رات تک بحال نہ کی جاسکی۔کریمہ بلوچ کی میت کی آمد اور جنازہ میں شرکت کے پیش نظر تمام شاہراہیں بند کردی گئیں۔

اور چیکنگ کا سخت ترین عمل اختیار کیا گیا۔ صبح سے ڈی بلوچ، سوراپ پل، ایئرپورٹ چوک، گھنہ سمیت مختلف انٹری پوائنٹ پر سے گاڑیاں اور موٹرسائیکل روک دی گئیں اور انہیں آنے نہیں دیا گیا۔ اہل خانہ کی طرف سے کریمہ بلوچ کی نماز جنازہ اور تدفین کا اعلان آبائی علاقہ تمپ میں منگل 25 جنوری کی دوپہر کرنے کااعلان کر دیاگیا تھا مگر زیادہ امکان یہ ہے کہ انہیں رات تک تمپ دفن کیا جائے گا۔