|

وقتِ اشاعت :   January 26 – 2021

تربت: پی ڈی ایم کیچ نے بلوچ خاتون رہنماء بانک کریمہ بلوچ کی آخری رسومات ادائیگی کیلئے قوم کو دور رکھنے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہاکہ دنیا کے کسی بھی کونے میں کوئی ریاست اپنے عوام کیساتھ اس طرح کا سلوک روا نہیں رکھتا مگر بدقسمتی سے بلوچ وبلوچستان کیساتھ اس طرح کی پالیسی ماضی سے لیکر ابتک تسلسل کیساتھ جاری ہیں ان میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے۔

آئے روز حالات کو خراب سے خراب تر کرنے اور قوم کو اشتعال دینے کی پالیسی پر عمل پھیرا ہوتے ہوئے سازش کے تحت بلوچستان کے حالات کو خراب کرنے کی کوششوں میں مصروف ہے،بلوچ نوجوانوں کی ایک نسل کو تباہ کرکے مسخ لاشوں کی صورت میں قوم کو دیا گیا جبکہ ایک مرتبہ پھر ماضی کو دہرانے کی کوششوں کی غلطی کی گئی تو زمہ دار عوام نہیں بلکہ مقتدر قوتیں ہونگے۔

پی ڈی ایم کیچ کا کہناتھاکہ بانک کریمہ بلوچ کی فکر ونظر سے اختلاف ضرور کیا جاسکتاہے مگر وہ قوم کی بیٹی ہے اور قوم کو انکی آخری رسومات کی ادائیگی سے دور رکھنا دانشمندانہ فیصلہ نہیں بلکہ اس عمل سے مزید نفرتیں بڑھیں گے۔

اور ریاست وعوام کے درمیان مزید دوریاں پیدا ہونگے ماضی کی پالیسیوں کو ترک نہیں کیاگیا تو پھر حالات کازمہ دار ریاست ہوگا اور ایسے اقدام کیخلاف سیاسی جماعتیں خاموش نہیں بیٹھیں گے. انہوں نے مزید کہاکہ بلوچستان پر سلیکٹیڈ سرکار بٹھا کر قوم کا استحصال مختلف شکلوں میں جاری ہے جسکے ہاتھ پاؤں باندھے ہوئے ہیں جو آج مکمل طورپر مفلوج وبے بس ہے۔