|

وقتِ اشاعت :   January 27 – 2021

کوئٹہ: گورنر بلوچستان امان اللہ خان یاسین زئی نے کہا ہے کہ تعلیم ہی ہر قسم کی ترقی کی بنیاد ہے اور موجودہ پل پل بدلتی دنیا کی ترقی یافتہ اقوام کی اصل ترقی کا راز بھی جدید سائنس وتحقیق کے حصول میں مضمر ہے. گورنر یاسین زئی نے اس بات کو خوش آئند قرار دیا کہ ملک کے دوسرے علاقوں کی طرح تربت کے نوجوانوں نے بھی بدلتے ہوئے تقاضوں کا ادراک کرتے ہوئے اعلیٰ تعلیم کی افادیت پر بھی بھرپور توجہ دی ہیں۔

جو یقیناً ایک روشن مستقبل کی ضمانت ہے. ان خیالات کا اظہار انہوں تربت یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کیا. اس موقع پر گورنر بلوچستان نے کہا کہ تربت یونیورسٹی کے قیام سے نہ صرف ملک و صوبے میں ضروری افرادی قوت مہیا کرنے میں مدد ملے رہی ہے بلکہ تربت سے متصل علاقوں کے طلباء اور طالبات کو ان کی دہلیز پر اعلیٰ تعلیم کے حصول میں سہولت بھی میسر ہے۔

انہوں نے کہا کہ چائنا پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کی مغربی روٹ بننے سے یونیورسٹی کی ضرورت و اہمیت مزید بڑھ چکی ہے اور صوبے کی تمام سرکاری یونیورسٹیوں کے فارغ التحصیل طلبا و طالبات ملک و صوبے کی تعمیر و ترقی میں اہم کرادر ادا کرینگے۔

گورنر یاسین زئی نے تربت یونیورسٹی کے وائس چانسلر اور اُنکی پوری ٹیم کی انتھک کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ بہت قلیل مدت میں یونیورسٹی ترقی کی راہ گامزن ہو چکی ہے اور ضروری ہے کہ متعلقہ ذمہ داری افراد اپنے اعلیٰ تعلیمی ادارے کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کیلئے بھرپور شعوری کاوشیں کرینگے۔