|

وقتِ اشاعت :   January 27 – 2021

کوئٹہ: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صوبائی صدر و سابق اسپیکر بلوچستان اسمبلی جمال شاہ کاکڑ نے کہا ہے کہ نااہل حکمرانوں کی وجہ سے ملکی معیشت تباہ ہوچکی ہے جبکہ ان کی ناقص پالیسیوں او رکارکردگی کی وجہ سے آج پاکستان کے جہاز تک بیرون ملک ضبط ہورہے ہیں، ایک کروڑ نوکریاں دینے والے ڈھائی سال بعد کہہ رہے ہیں کہ ان کی کوئی تیاری نہیں تھی ۔

آئے روز پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میںاضافے اور مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ دی ہے ،نواز شریف کے دور میں ملک ترقی کی راہ پر گامزن تھا یہی وجہ ہے کہ آج میاں نواز شریف کے بیانیہ کے ساتھ تمام جمہوری پارٹیاں کھڑی ہیں، مہنگائی ، بے روزگاری ، امن وامان کی ابتر صورتحال اور تباہ حال معیشت سے تنگ عوام کو نواز شریف کا یاد آرہی ہے ۔


ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو مسلم لیگ (فنکشنل ) کے صوبائی جنرل سیکرٹری و گدی نشین نانا صاحب پیرزادہ سید عبدالقدوس کی مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کے موقع پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ مسلم لیگ (ن) کے رہنماء و سابق سٹی ناظم رحیم کاکڑ ، ملک عبدالظاہر ودیگر بھی موجود تھے ۔ جمال شاہ کاکڑنے سید عبدالقدوس کو پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے خوش آمدید کہا۔

ا ن کا کہنا تھا کہ موجودہ دور میں عوام کے ساتھ ساتھ میڈیا بھی ظلم کا شکا ر ہے نجی اور سرکاری ٹی وی چینلز میں تمیز کرنا ممکن نہیں رہا ، میڈیا پر پابندیوں اور سنسرشپ کی وجہ سے اس وقت تمام ٹی وی چینلزپر سب کچھ اچھا ہے کا راگ الاپا جارہا ہے میڈیا سے وابستہ افراد کو بے روزگار کیا جارہا ہے ۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پی ڈی ایم میں شامل جماعتیں آئین کی حکمرانی ، جمہوریت و پارلیمنٹ کی بالادستی ۔

میڈیا کی آزادی ، مہنگائی کے خاتمے ، ملکی معیشت کو تباہی سے بچانے کے لئے جدوجہد کررہی ہیں انشاء اللہ جلد ہی سلیکٹڈ اور نااہل حکومت سے عوام کو چھٹکارہ دلائیں گے ۔ انہوںنے کہاکہ پٹرولیم مصنوعات سمیت اشیائے خورد و نوش اور تمام روز مرہ کی اشیاء کی قیمتیں آسمان کوچھو رہی ہیں ، کچھ عرصہ قبل جب عالمی منڈی میںپٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں میںکمی ہوئی تو ملک میں پٹرول اور ڈیزل نایاب ہوگیا۔

اور جب پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا تو تیل کا بحران بھی غائب ہوگیا ہے ملک کومافیا کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ڈھائی سال قبل عوام کو خوشنماء نعروں اور بلند و بانگ دعوئوں سے دھوکہ دیا گیا ، ایک کروڑ نوکریاں، 50لاکھ گھر دینے کے وعدے کرنے والے اب کہہ رہے ہیں ان کی کوئی تیاری نہیں تھی جب تیاری ہی نہیں تھی تو اتنے بلند و بانگ دعوے کیوں کئے۔

7دہائیوں کے دوران اتنے خراب حالات کا ملک کو کبھی سامنا نہیں کرنا پڑا تھا جتنا آج ہے ، اقتدار سے قبل حکمران کہتے تھے کہ ملکی معیشت کوایسے مضبوط کریں گے کہ باہر ممالک سے لوگ پاکستان میں نوکریاں کرنے آئیں گے اور اب حالت یہ ہے کہ پاکستان کے جہاز بھی دوسرے ممالک میں ضبط کئے جارہے ہیں ایسے حالات سے ملک کو پاکستان مسلم لیگ (ن) ہی نکال سکتی ہے اسی لئے لوگ جوق درجوق اس میںشمولیت اختیارکررہے ہیں جلد ہی ن لیگ میںشمولیتوںکا سلسلہ شروع ہوگا اور صوبے کی اہم شخصیات شمولیت اختیار کریں گے۔