|

وقتِ اشاعت :   January 27 – 2021

کوئٹہ: نیشنل پارٹی کے مرکزی ترجمان نے کہا کہ کریمہ بلوچ کی شہادت اور تدفین سے متعلق ریاست اور ریاستی اداروں کا روئیہ انتہائی منفی اور قابل مذمت رہا وفاقی و صوبائی حکومتوںنے بوکھلاہٹ اور ناشاہستگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تمام انسانی اقدار کو پاوں تلے روند ڈالا جس کی جس قدر بھی مخالفت و مذمت کی جائے کم ہے۔ بیان میں کہاگیا کہ یہ خاندان اور ورثاء کریمہ بلوچ کا استحقاق اور ذمہ داری تھی۔

کہ وہ جس طرح مناسب سمجھتے وہ شہید کریمہ بلوچ کی تدفین اور آخری رسومات ادا کرتے اور یہ ان کی مرضی و منشا کے مطابق جہاں سے مناسب سمجھتے شہید کریمہ بلوچ کے جسدخاکی کو اسی راستے سے لے جاتے لیکن ریاست اور اس کے ادارے بے جا مداخلت کے مرتکب ہوئے اور ایک انتہائی حساس قومی رہنما کے تدفین اور منتقلی کے عمل میں رکاوٹ بنے جو نہ صرف ناشاہستگی کے زمرے میں آتا ہے۔

بلکہ دنیا کا کوئی سماج و مذہب اس کی اجازت ہر گز نہیں دیتا ہے یہ امر افسوسناک ہے کہ یہ عمل دوسری بار بلوچستان میں دہرایا گیا اور بلوچستان کے شہید رہنما کے جسدخاکی کی بے حرمتی کی گئی جو ناقابل برداشت اور قومی و وطنی روایات کے خلاف سازش کا تسلسل ہے نیشنل پارٹی شہید بانک کریمہ بلوچ کو ان کی قومی سیاسی جدوجہد پر خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔

اور اس کا مطالبہ پہلے کرچکی ہے کہ کینیڈا کی حکومت اس قتل کی تحقیقات میں کوئی بھی کثر فروگزاشت نہیں کرے بلکہ اس کی تہہ تک پہنچنے کی کوشش کرے اور قتل کے پس پردہ کرداروں کو بے نقاب کرے نیشنل پارٹی کی قیادت مرحومہ کی مغفرت کے لیے دعا گو ہے اور متاثرہ خاندان سے اپنی دلی ہمدردی کا اظہار کرتی ہے۔