|

وقتِ اشاعت :   January 28 – 2021

کوئٹہ: پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صوبائی صدر و سابق اسپیکر جمال شاہ کاکڑ نے کہا ہے کہ پاکستان میں کرپشن چار گنا بڑھنا حکومتی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے ملکی معیشت کی بتاہی، قرضوں میں اضافے، مہنگائی کی اصل وجہ کرپشن ہے وزیراعظم اور انکی کابینہ کو جواب دینا چاہیے کہ کرپشن کیوں بڑھی ، ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ پی ڈی ایم اور مسلم لیگ(ن) کے موقف کی تائید ہے۔

یہ بات انہوں نے یہاں جاری کردہ اپنے ایک بیان میں کہی، انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کرپشن بڑھنا ماضی کی حکومتوں پر کرپشن کے الزامات لگانے اور اپنی اپنی ایمانداری کا راگ الاپنے والی موجودہ حکومت اس بات کا جواب دے کہ ڈھائی سالہ دور میں کرپشن کئی گنا کیسے بڑھی انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے خیبر پختونخواء کی کارکردگی پر مرکز میں حکومت قائم کرنے کا دعویٰ کیا ۔

اب وہاں بھی کرپشن بڑھ گئی ہے حکومت کو چاہیے کہ وہ عوام کو جواب دے کہ کرپشن بڑھنے کی وجوہات کیا اور وہ کیوں ناکام ہوئی ہے جمال شاہ کاکڑ نے کہا کہ ملک کا کوئی ادارہ موجودہ حکومت میں کرپشن سے نہیں بچ سکا عوام مہنگائی کے بوجھ تلے دبے ہوئے ہیں، معیشت تباہ حال ہے جبکہ قرضوں کی شرح بڑھ گئی ہے یہ سب کچھ کرپشن کی وجہ سے جو ملک کو دھیمک کی طرح چاٹ رہی ہے۔

انہوں نے کہاکہ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ حکومتی کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت اور مسلم لیگ(ن) وپی ڈی ایم کے موقف کی تائید ہے حکومت فوری طور پر مستعفی ہو اور اپنے آپ کو احتساب کے لئے پیش کرے ۔