|

وقتِ اشاعت :   January 28 – 2021

کوئٹہ: بلو چستان عوامی پارٹی ( بی اے پی) کے مرکزی رہنماء صوبائی وزیر پی ایچ ای ، واسا حاجی نورمحمد خان دمڑ نے کہاکہ پی ڈی ایم نے جو ناکام سیاسی کھیل شروع کیا تھا وہ عوام کی عدم دلچسپی سے اپنے منطقی انجام کو پہنچ چکا ہے اس سے قبل اپوزیشن جلسوں ،مظاہروں ، لانگ مارچ اور نام نہاد استعفوں کا ڈرامہ رچاتی آئی ہے اور ان سب کامقصد اپنی کرپشن کو بچاناتھا۔

ان خیالات کااظہار انہوںنے اپنے جاری کردہ بیان میں کیا صوبائی وزیر حاجی نورمحمد خان دمڑ نے کہاکہ اپوزیشن کے ہر حربے میں اقتدار سے محرومی پر مایوسی کھل کر نظر آرہی ہے، نام نہاد مسترد شدہ سیاسی جماعتوں کے ان تمام ڈراموں کے پیچھے ان کی اقتدار کی ہوس ہے جو ان کو سونے نہیں دیتی اور وہ اقتدار کی تلاش میں در در کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں۔

انہوںنے کہاکہ 5 فروری کو مظاہروں کے اعلان سے پی ڈی ایم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کم اور اپنی کرپشن بچانے کارونا زیادہ روے گی۔انہوںنے کہاکہ قومی یکجہتی اور کشمیری بہنوں اوربھائیوں سے یکجہتی کا یہ تقاضا ہے کہ اپوزیشن اپنے ذاتی مفادات کو ایک طرف رکھتے ہوئے پوری پاکستانی قوم کے ساتھ صرف اور صرف کشمیریوں کے حقوق کی آواز بلند کرے۔

انہوںنے کہاکہ ایسا نہ کرنے پر اور اس دن کو اپنے ذاتی مفادات کی خاطرہائی جیک کرنے پر قوم انہیں کبھی معاف نہیں کرے گی اور اب پانچ فروری یوم یکجہتی کشمیر کوبھی وہ اپنی سیاست کی بھینٹ چڑھانا چاہتے ہیں ۔