|

وقتِ اشاعت :   January 30 – 2021

کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ میڈیا کو ریاست کے چوتھے ستون کی حیثیت حاصل ہے۔ آج کے جمہوری عہد میں زرائع ابلاغ کی اہمیت سے انکار ممکن نہیں۔ ایک ذمہ دار، فعال اور ترقیافتہ میڈیا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں  نے کوئٹہ پریس کلب کے صدر رضاء الرحمن کی قیادت میں سینئر صحافیوں کے وفد سے گفتگو کے دوران کیا۔ جنہوں  نے وزیر اعلیٰ سے یہاں جمعہ کے روز ملاقات کی۔ صدر پریس کلب نے وزیر اعلیٰ کو میڈیا اکیڈمی پرجاری کام کی پیشرفت، پریس کلب اور صحافیو ں کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ وزیر اعلی نے اس موقع پر کہا کہ صحافیوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے۔

صحافیوں کی کالونی کیلئے زمین الاٹ کی جاچکی ہے اور اس زمین پر بنیادی ڈھانچے اور سہولتوں کی فراہمی کیلئے اقدامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پریس کلب میں  ضروری ترقیاتی کام بھی کرایا جائے گا۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ میڈیا اکیڈمی کا وہ خود بہت جلدافتتاح کریں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ان کی حکومت میڈیا کے ساتھ خوشگوار تعلقات قائم کرنے کے ساتھ ساتھ ذرائع ابلاغ سے وابستہ افراد کی فلاح و بہبود کو ترجیحی اہمیت دیتی ہے۔

انہوں  نے یقین دلایا کہ اظہار رائے کی آزادی کے تحفظ اور صحافیوں کو درپیش مسائل کے حل کیلئے ہر ممکن کوشش کی جائے گی جس پر صدر پریس کلب رضاء الرحمن نے وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کیا۔