ڈیرہ مراد جمالی: پی ڈی ایم کے مرکزی نائب صدر جمعیت علماء اسلام کے مرکزی جنرل سیکرٹری سینٹر مولانا عبدالغفور حیدری سے گزشتہ روز اسلام آباد میں جمعیت علماء اسلام کے سابق سنیٹر ہیمن داس اجوانی ،جمعیت علماء اسلام کے مرکزی کونسل کے ممبر و تحصیل ڈیرہ مراد جمالی کے امیر حاجی رحمت اللہ بنگلزئی نے ملاقات کی ملاقات کے دوران علاقائی سیاسی صورتحا ل جماعتی امور سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔
جمعیت علماء اسلام کے مرکزی سیکر ٹری جنرل مولانا عبدالغفور حیدری نے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ نا اہل نا کام سلیکٹڈ وزیر اعظم نے پاکستان کو ترقی دینے کے بجائے پاکستان کو گروی رکھ رہا ہے جس سے یہ بات ثابت ہو گئی ہے کہ نا اہل سلیکٹڈ وزیر اعظم کی ساری سیاست جھوٹ ،جھوٹے وعدوں اور فریب پر مبنی ہے ان کے پاس حکمرانی کا کوئی تجربہ نہیں ہے ۔
یہ دن بدن پاکستان کو ڈبا رہا ہے یہی وجہ ہے کہ پی ڈی ایم ان کو گھر بھیجنے اور ملک کو بچانے کے لیئے جدو جہد کر رہی ہے پی ٹی آئی حکومت کی کرپشن کے متعلق ٹرانسپرنسی انٹر نیشنل کی رپورٹ نے ان کی حکومت کا ننگا کر دیا ہے ملک میں کرپشن کم ہونے کے بجائے بڑھ گئی ہے ان کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے اب تو عالمی ادارے بھی ان کی نا لائقیوں پر پردہ نہ ڈال سکے اس نا اہل اور جعلی حکومت نے ملک کو داخلی اور خارجی معاذ پر رسوا کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ڈھائی سالہ دور اقتدار میں مہنگائی بے روزگاری عوام پریشان حال ہے حکومت نے جو ایک کروڑ نوکریاں اور پچاس لاکھ گھر بنانے کا جو وعدہ کیا تھا مگر اب تو کئی اداروں کو ختم کر کے ہزاروں لوگوں کو ملازمتوں سے نکالا جا رہا ہے آئی ایم ایف نے پاکستان کو قرضوں میں جکڑ کر رکھ دیا ہے لانگ مارچ ہر حال میں ہو گاحکومت ہر لحاظ سے مفلوج ہو کر رہ گئی ہے اور تمام ادارے اپنی افادیت کھوتے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں کہیں بھی حکومت کی رٹ نظر نہیں آرہی ہے ملک میں لوٹ مار امن و امان کی مخدوش صورتحال سمیت دیگر بڑھتے ہوئے واقعات سبب ملک کی عوام مشکلات سے دوچار نظر آرہی ہے انہوں نے کہا کہ حکومت میں بیٹھے ہوئے وزراء کرپشن اور لوٹ مار میں ملوث ہونے کے باوجود ان کے خلاف کوئی بھی کاروائی عمل میں نہیں لائی جا رہی ہے نیب صرف اپوزیشن کے لیئے بنایا گیا ہے۔
چینی آٹا چور موجودہ حکومت کے وزرا ہیں ظالم حکمران عوام کو مہنگائی تلے دبا کر اپنی تجوریاں بھرنے میں مصروف عمل ہیں انہوں نے کہا کہ نیازی حکومت نیب کا سہارا لے رہی اور حق کی آواز کو دبانے کے لئے مختلف قسم کے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کر رہی ہے ۔