کوئٹہ: جمعیت علمائے اسلام پاکستان کے مرکزی رہنما و ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ سابق سینیٹرحافظ حمداللہ نے کہاہے کہ حکمران جھوٹ پر جھوٹ بول رہے ہیں۔
معیشت کے استحکام کے دعویدار غلط بیانی کرکے عوام کی آنکھوں میں دھول جھونک رہے ہیں انکی ناقص معاشی پالیسیوں کی وجہ سے ملک معاشی طورپر مفلوج ہوچکا ہے انڈے مرغے کٹے سے ملکی معیشت کو مستحکم کرنے والوں نے ملک کابیڑہ غرق کردیا ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روز شب قدر چارسدہ میں منعقدہ عظیم الشان ختم نبوت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔
کانفرنس سے عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت پاکستان کے مرکزی امیر حضرت مولانااللہ وسایہ جمعیت علمااسلام ضلع چارسدہ کے ضلعی امیر مولانا خیر البشر اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ مولانا حافظ حمد اللہ نے کہا کہ نظام مملکت کا زمام اقتدار نیک سیرت صالح رہبر کی بجائے رہزنوں کے حوالے کیا گیا ہے ریاست مدینہ کا نعرہ لگانے والے چینی ایرانی اور امریکی نظام کو آئیڈیل قرار دینے لگے ۔
جھوٹ اور وعدہ خلافی میں موجودہ حکومت کی کوئی ثانی نہیں انہوں نے کہاکہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں پے درپے اضافہ عوام کے ساتھ ظلم ہے حکومتی ستم ظرفی کی وجہ سے غریب دو وقت کی روٹی کا محتاج بن چکا ہے۔
شیشے کے محل میں بیٹھے نااہلوں کو عوام کی خبرگیری کی فرصت نہیں انہوں نے کہاکہ حکومت اشیا خوردونوش کی قیمتوں میں کمی اور عوام کو ریلیف دینے کی بجائے ذخیرہ اندوزوں اور منافع خوروں کی سرپرستی کررہی ہیں کابینہ میں بیٹھے چور اور منافع خور گروہ کی وجہ سے اشیا خوردونوش کی قیمتیں بڑھ رہی ہیں۔