تربت: کمشنر مکران شاہ عرفان احمد غرشین نے کہا ہے کہ میڈیا کا کسی بھی معاشرے کی سدھار اور بہتری میں بنیادی کردار ہوتا ہے، بلوچستان کے صحافیوں نے ہر طرح کے حالات کا بہادری کے ساتھ مقابلہ کیا ہے، ضلع کیچ میں مسائل کی نشاندہی کے لیے میڈیا اپنا کردار ادا کرے تاکہ انتظامیہ کو ان کے حل میں آسانی رہے، ان خیالات کا اظہار کمشنر مکران نے منگل کو اپنے دفتر میں پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کے نمائندوں سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے صحافیوں کی کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ صحافی معاشرے میں ریڑھ کی ھڈی کی حیثیت رکھتے ہیں اور مسائل کی نشاندہی اور ان کے حل میں انتظامیہ کے لیے آنکھ، ناک اور کان کی حیثیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا علاقے کی ترقی، اصلاح اور معمولات کی بہتری کے لئے صحافی انتظامیہ کے شانہ بشانہ رہیں۔ کمشنر مکران نے کہا کہ ضلع کیچ میں اداروں کی فعالیت کے ساتھ خصوصاً صحت اور ایجوکیشن میں اصلاحات اور بہتری کی بھرپور کوشش کی جائے گی ۔
کیوں کہ یہ دونوں ادارے معاشرے میں بنیادی محرک ہیں ان کو بہتر بناکر ترجیحی بنیادوں پر آگے بڑھیں گے، انہوں کہا کہ ہاوے پر مسافروں بسوں کے حادثات کی روک تھام کے لئے ایک میکنزم بنایا جائے گا اس کے لیے ٹرانسپورٹ کمپنیوں کے مالکان سے مشاورت کرکے ڈرائیورز کی کریڈیبلٹی سمیت دیگر ضروری نوعیت کے معاملات پر لائحہ عمل بنائیں گے۔
اس کے لیے بہت جلد ٹرانسپورٹ کمپنیوں کے مالکان کو بلاکر بات کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ ایک بس میں 50 مسافر جب سفر کرتے ہیں تو ان کی زندگیاں ایک لاپرواہ ڈرائیور کے ہاتھ میں نہیں دیا جاسکتا اس لیے کمپنی مالکان کو روڈ میپ بناکر ان پر عمل کرنے کی ہدایت کریں گے اگر کسی ٹرانسپورٹ کمپنی یا ڈرائیور کی غلطی سے قیمتی جان کا نقصان ہوا تو اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔