|

وقتِ اشاعت :   February 3 – 2021

کوئٹہ: پاکستان بار کونسل کے رحمت اللہ ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ کسی بھی وکیل کے خلاف بے بنیاد مقدمہ درج کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دیں گے ، عمران لانگو ایڈووکیٹ اور ان کے والد کے خلاف بے بنیاد ایف آئی آر کو عدالت عالیہ نے سسپنڈ کردی ہے ۔

یہ بات انہوں نے گزشتہ روز کوئٹہ پریس کلب میں دیگر وکلاء کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہاکہ گزشتہ روز ایڈووکیٹ عمران لانگو کے خلاف منگوچر میں بے بنیاد ایف آئی آر درج کی گئی ہے حالانکہ ایف آئی آر کے وقت عمران لانگو ایڈووکیٹ اپنے خاندان کے ہمراہ کوئٹہ میں موجود تھے ، ایف آئی آر کے خلاف انہوں نے عدالت میںپٹیشن دائر کی گئی ہے۔

عدالت عالیہ نے ایف آئی آر سسپینڈ کردیا ہے تاہم ہم کسی بھی وکیل کے خلاف بے بنیاد مقدمہ درج کرنے کو قبول نہیں کریں گے ۔ پولیس ، لیویز اور انتظامیہ کو زمینی حقائق دیکھ کر کارروائی کرنی چاہیے اس کے لئے بار کونسل کو آگاہ کرنا بھی ضروری ہے۔

اس حوالے سے ہم نے اے سی سے بھی بات کی ہے تو وہ مطمئن نہیں کرسکے ۔ انہوں نے کہاکہ عمران لانگو ایڈووکیٹ کے خلاف بے بنیاد ایف آئی آر درج کی گئی ہے جو ہمیں قابل قبول نہیں ۔