|

وقتِ اشاعت :   February 6 – 2021

کوئٹہ: بلوچستان کے ممتاز صحافی ڈیلی بلوچستان ایکسپریس اورروزنامہ آزادی کے مدیر،دانشور و مصنف صدیق بلوچ کی آج تیسری برسی منائی جائے گی۔ صدیق بلوچ کی تیسری برسی کے حوالے سے کراچی پریس کلب کے زیر اہتمام ایک سیمینار بعنوان آزادی اظہار رائے منعقد ہوگا جس میں پاکستان کے ممتاز صحافی و دانشور جن میں پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے صدر شہزادہ ذو الفقار کراچی کے پریس کلب کے صدر فاضل جمیلی، سی پی این ای کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر جبار خٹک، روزنامہ انتخاب کے مدیر انور ساجدی، وسعت اللہ خان، مظہر عباس، مقصود یوسفی، پروفیسر توصیف احمد اور دیگر خطاب کرینگے۔

لالاصدیق بلوچ کا شمار ملک کے نامور صحافیوں وتجزیہ کاروں میں شامل ہوتا ہے جنہوں نے اپنی صحافتی زندگی کے دوران اظہار رائے کی آزادی کے حوالے سے کھل کر اپنا مؤقف رکھااور خاص کر بلوچستان کے سیاسی مسائل کو اپنے کالموں سمیت ملک کے اہم نیوز چینلز میں بھرپور انداز میں اجاگر کیا، لالاصدیق بلوچ نے اپنی صحافت کے دوران خطے میں بدلتی سیاسی ومعاشی صورتحال پر بے تحاشہ کالم لکھے۔

اور خاص کر بلوچستان کی معیشت پر دو کتابیں بھی انگریزی میں لکھی۔ لالاصدیق بلوچ سیاسی حوالے سے بھی طالب علمی کے زمانے میں بہت زیادہ متحرک رہے ہیں بی ایس او کے بانی ممبران میں ان کا شمار ہوتا ہے جبکہ نیب کے سرکردہ رہنماؤں میں بھی وہ شامل تھے۔ لالاصدیق بلوچ لیاری میں پیدا ہوئے تھے اور اپنی صحافتی زندگی کا آغاز انہوں نے ملک کے نامور انگریزی اخبار ڈیلی ڈان سے کیا تھا۔

جس میں وہ مختلف عہدوں پر فائزہ رہ چکے تھے جس کے بعد انہوں نے کراچی سے اپنا ایک انگریزی اخبار سندھ ایکسپریس کا اجراء کیا اور بعد میں بلوچستان سے دو اخبارات کی اشاعت کی جس میں بلوچستان ایکسپریس اور روزنامہ آزادی شامل ہیں لالاصدیق بلوچ نے اپنے دونوں اخبارات میں کبھی بھی اظہار رائے کی آزادی پر سمجھوتہ نہیں کیا جس کی وجہ سے ان کے اخبارات کو مالی حوالے سے اس دورکی حکومتوں نے مالی حوالے سے نقصان پہنچایا۔

مگر لالاصدیق بلوچ نے کسی دباؤ کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے اظہار رائے کی آزادی پر سمجھوتہ نہیں کیا اس لئے آج بھی ملک کے نامور صحافی لالاصدیق بلوچ کو بابائے صحافت کے لقب سے نوازتے ہیں۔

لالاصدیق بلوچ کی تیسری برسی کے موقع پر جہاں کراچی پریس کلب میں تقریب کا اہتمام کیاجارہا ہے وہیں بلوچستان کے دیگر حصوں میں بھی ان کی صحافی خدمات پر خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے مختلف تقاریب منعقد کئے جارہے ہیں۔ لالاصدیق بلوچ کی تیسری برسی کے موقع پرڈیلی بلوچستان ایکسپریس اور روزنامہ آزادی کی ٹیم کی جانب سے بھی انہیں خراج عقیدت پیش کیاجائے گا۔

Trackbacks/Pingbacks

  1.  ممتاز صحافی صدیق بلوچ کی آج تیسری برسی منائی جائے گی – Balochistan Affairs

Comments are closed.