|

وقتِ اشاعت :   February 6 – 2021

خضدار: چیف آف بیرک سابق صوبائی وزیر نواب محمد خان شاہوانی نے کہاہے کہ قبائل کے لئے ایک دوسرے کا احترام و حقوق کا تحفظ لازمی امر ہے،جھالاوان کے مختلف حصوں میں شاہوانی قبیلے کے کئی خاندان رہائش پذیر اور ان کے حق ملکیت کی اراضی اور جائدادیں ہیں ، ان کے حقوق کا تحفظ نہ صرف مقامی انتظامیہ بلکہ قبائل کی بھی ذمہ داریوں میں شامل ہے ۔

شاہوانی قبیلے کی زیرِ ملکیت تیغ میں واقعہ اراضی پر قائم چار دیواری اور مکانات کوضلعی انتظامیہ کی جانب سے بھاری مشینری کے ذریعے گرادینا افسوسناک اور ناقابل برداشت عمل ہے، یہاں قبائل کی حیثیت ایک جیسی ہے کسی ایک کو دوسرے پر فوقیت حاصل نہیں ، اور مقامی آفیسران کو جوذمہ داری دی گئی ہے وہی نبہانے کی کوشش کریں ، ایسا عمل کرنہ گزر جائیں کہ جس سے قبائل کے درمیان ناچاکی اور نفرتیں بڑھ جائیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے جمعہ کے روز دورہ خضدار کے موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر شاہوانی قبیلے سے تعلق رکھنے والے وفد نے ٹکری محمد رضاشاہوانی کی قیادت میں ان سے ملاقات کی ۔ ملاقات کرنے والے وفد میں ٹھیکدار غلام نبی شاہوانی ، مولانا نصر اللہ شاہوانی ، حاجی محمد ابراہیم شاہوانی ،عبدالغفار شاہوانی ، محمد اسماعیل شاہوانی ، مفتی عبدالحکیم شاہوانی ، حافظ محمد یونس شاہوانی ، عبدالحکیم قلندرانی ، حاجی عبدالرحمان شاہوانی سمیت دیگر موجو دتھے ۔

خضدار جھالاوان سے تعلق رکھنے والے شاہوانی قبیلے کے افراد نے نواب محمد خان شاہوانی کو گزشتہ روز ضلعی انتظامیہ کی جانب سے موضع تیغ خضدار میں شاہوانی قبیلے کے افراد کے مکانات قائم دیواروں کو ڈھائے جانے سے متعلق بتایا ، اور کہا کہ مقامی انتظامیہ شاہوانی قبیلے کو خضدار میں دیوار سے لگانے کی کوشش کررہی ہے ، گزشتہ روز ہماری حق ملکیت اراضی پر مقامی انتظامیہ فورس کے ہمراہ حملہ آور ہو کر دیوار اور مکانات کو ڈھادیا ۔

اور مکانات گرائے ، پچاس لاکھ روپے سے زائد کا نقصان ہمیں دیا ، اور ہمیں اس بات کی تقویت مل رہی ہے کہ ضلعی انتظامیہ کے سربراہان بااثر شخص کے لئے استعمال ہورہے ہیں ، ۔چیف آف بیرک نواب محمد خان شاہوانی نے کہاہے کہ ہم تمام قبائل کا بلوچستان کے ہر حصے میں احترام کرتے ہیں اور یہی امید رکھتے ہیں کہ میرے قبیلے سے تعلق رکھنے والے افراد کو بھی دیگر قبائل اسی طرح کا عزت واحترام دیں گے۔

اور ان کے حقوق کا تحفظ یقینی بنائیں گے ۔ انہوںنے کہاکہ گزشتہ روز تیغ میں جس طرح زمینوں پرحملہ آور ہو کر دیواراور مکانات کو گرانا شان کے برخلاف ہے ، اس حوالے سے انتظامیہ شاہوانی قبیلے کے حقوق کے لئے تحفظ کا کردار ادا کرے اور جو نقصانات گزشتہ روز انتظامیہ کے ہاتھوں سے ہوئے ہیں اس کا تدارک کرے ۔