کوئٹہ: چیئرمین بلوچستان پیس فورم نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے ملک بھر سے کتاب دوست تحریک کا حصہ بننے والے افراد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میںعلم کو کتابوں کے ذریعے پھیلارہے ہیں ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزکلچر ایجوکیشن لائبریری کراچی کے کوارڈنیٹرسید سلطان خلیل سے ملاقات میں گفتگو کرتی ہوئی کہی ،سید سلطان خلیل نے کمشنر کراچی نوید احمد شیخ، ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ سندھ افتخار علی شالوانی اورڈپٹی کمشنر سائوتھ کراچی ارشادسودہرکی جانب سے نوابزادہ لشکری رئیسانی کوبلوچستان پیس فورم کیلئے ایک ہزار کتب کا تحفہ دیا ۔
ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے کمشنر کراچی نوید احمد شیخ اور ان کے رفقاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ملک بھر سے کتاب دوست شخصیات ، طلباء بلوچستان پیس فورم کے کتاب دوست تحریک کا حصہ بن کرتنظیم کیساتھ تعاون کررہے ہیںجس پر ان کا مشکور ہوں ، انہوں نے کہا کہ ملک بھر سے اہل علم اور اہل کتاب ، شہری اور رضا کار دن رات محنت کرکے بلوچستان کی لائبریوں تک کتابیں پہنچا رہے ہیں ۔
نوابزادہ لشکری رئیسانی نے کہا کہ بلوچستان سے پسماندگی، بے چینی ، افراتفری کو علم اور کتاب کے ذریعے دور کرسکتے ہیں ،انہوں نے کہا کہ ملک بھر سے کتب دوست شخصیات نے مزید کتابیں دینے کا یقین دلایا ہے، بلوچستان پیس فورم صوبے کے مختلف علاقوں میں علم کو کتابوں کے ذریعے لائبریوں تک پہنچاکر علم کو پھیلائے گی ۔