|

وقتِ اشاعت :   February 10 – 2021

کوئٹہ: بلوچستان عوامی پارٹی کے بانی سعید احمد ہاشمی نے کورونا وائرس سے بچاؤ کے لئے شروع ہونے والے ویکسینیشن کے عمل پراپنے خدشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ انسداد کورونا وائرس کی ویکسین لگانے کیلئے پاک فوج کی خدمات حاصل کی جائیں تاکہ ملک کے کونے کونے میں پہنچ کر لوگوں کوویکسین لگائی جاسکے حکومت نجی شعبے کے ذریعے ویکسین درآمد کرنے کی اجازت ہر گز نہ دے۔

یہ بات انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہی، ا نہوں نے چین کی طرف سے انسداد کورونا وائرس کی ویکسین ملنے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ ریاست کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس عالمی وباء سے نجات دلانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کرے اور اس سلسلے میں کسی بھی صوبے اور علاقے کی عوام کے ساتھ امتیازی سلوک نہ ہو کوروناوائرس کیخلاف قوت مدافعت کی ویکسین ہر ایک شخص کے پاس پہنچنی چاہیے۔

تاکہ پوری قوم کو اس وائرس سے نجات مل سکے سعید احمد ہاشمی نے کہا کہ پاکستان میں بھی لاکھوں لوگ کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں اور بڑی تعداد میں مریضوں کی اموات ہوئی ہیں حالیہ دنوں شروع ہونے والے ویکسینشین کے عمل میں اس بات کا خدشہ ہے کہ ویکسین لگانے کے موجودہ طریقے کارپر عمل کرتے ہوئے ملک کے عوام تک ویکسین کا پہنچنا مشکل ہوگا ۔

اس کام کیلئے ایک منظم اور موثر پالیسی اور اس پر عمل کرنے کیلئے بڑے پیمانے پر ایک ورک فورس کی ضرورت ہے ملک میں ایمرجنسی کی صورتحال میں قوم پاک فوج کی طرف دیکھ رہی ہے اس لئے میری تجویز ہے کہ کورونا کیخلاف ویکسین اور ویکسینشن کا کام پاک فوج کے حوالے کیا جائے جوکہ اس کام کو اپنی ورک فورس کیساتھ بہتر انداز میں کرسکتی ہے۔

جبکہ فوج کو عوام کااعتماد بھی حاصل ہے انہوں نے کہا کہ انسداد کورونا وائرس ویکسین مہم شروع ہونے کے بعدمرکزاور صوبوں کے درمیان باز اختلافات سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں جس سے یہ مہم متاثر ہوسکتی ہے یہ کام پاک فوج کے حوالے کرنے سے صوبے اور عوام دونوں مطمئن ہونگے جیسا کہ کورونا شروع ہونے کے بعد ادویات،حفاظتی لباس، دستانے۔

وینٹی لیٹرز اور دوسرے آلات وصول اور تقسیم کرنے کا کام فوج کے حوالے کردیا گیا تھاجس نے منظم طریقے سے اس ذمہ داری کو پورا کیا۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ،کینیڈا اور کئی دوسرے ممالک میں ویکسینیشن کیلئے فوج کی خدمات حاصل کی ہیں امریکہ اور یورپی ممالک نے اس مقصد کیلئے نیشنل گارڈز کی خدمات حاصل کرلی ہیں ۔