|

وقتِ اشاعت :   February 11 – 2021

کوئٹہ: گورنر بلوچستان امان اللہ یاسین زئی نے کہا ہے کہ چائنا پاکستان اقتصادی راہداری پاکستان سمیت پورے خطے کیلئے گیم چینجر کی حیثیت رکھتا ہے۔ گورنر یاسین زئی نے کہا کہ ہمیں اپنے قومی اداروں پر فخر ہے اور یہ بات ہم سب کیلئے باعثِ فخر ومسرت ہے کہ آج ہمارے اداروں میں دیگر ممالک سے آفسران تربیت حاصل کرنے کیلئے آتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز گورنرہاوس کوئٹہ پی اے ایف ائیر وار کالج کورس کے زیر تربیت آفیسروں سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا جن کی قیادت ائیر کموڈور کاشف جمال کر رہے تھے۔ملاقات میں پی اے ایف ائیر وار کالج کورس کے شرکاء نے سی پیک، بلوچستان میں جاری ترقیاتی عمل، امن وامان کی صورتحال، فنی و تیکنیکی مہارتیں سکھانے والے مراکز، زراعت اور لائیو سٹاک سے متعلق سوالات کئے۔

جن کا گورنر بلوچستان نے تفصیل سے جوابات دیئے۔ پی اے ایف ائروار کالج کورس کے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان قدرتی وسائل و معدنیات سے مالا مال صوبہ ہے اور یہاں زیادہ رقبے اور بکھری ہوئی آبادی کی وجہ سے عوام کو بنیادی سہولیات ان کی دہلیز پر پہنچانا خاصا مشکل کام ہے۔ افغانستان اور ایران کے ساتھ طویل سرحدیں رکھنے کے باوجود بلوچستان میں سکیورٹی اداروں کی قربانیوں سے امن وامان کی صورتحال ماضی کے مقابلے میں کافی بہتر ہے۔

گورنر یاسین زئی نے کہا کہ بلوچستان میں سرمایہ کاری کیلئے بے پناہ مواقع ہیں اس ضمن میں ملکی اور غیرملکی سرمایہ کار بلوچستان میں سرمایہ کاری کے دستیاب مواقعوں سے بھرپور فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں گورنر بلوچستان نے کہا کہ بڑھتی ہوئی عوامی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے زراعت اور مالداری کے شعبے پر بھر پور توجہ مرکوز رکھنی ہوگی۔ آخر میں مہمانان گرامی کے درمیان یادگاری شیلڈز کا تبادلہ ہوا۔

دریں اثناء بدھ کے روز گورنر ہاوس کوئٹہ میں صنوبر واشنگٹن کی قیادت میں مسیحی برادری کے ایک وفد سے ان سے ملاقات کی ، ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے گورنر بلوچستان نے کہا کہ خطے کو امن وآشتی کا گہوارہ بنانے کیلئے بھائی چارے۔

باہمی احترام، مذہبی رواداری اور ہم آہنگی کو فروغ دینا ناگزیر ہوچکا ہے۔ اس ضمن میں ہم خوش قسمت ہیں کہ پاکستان کا آئین پاکستان میں بسنے والی تمام اقلیتوں کو مساوی حقوق، مذہبی آزادی اور اظہار رائے کا پورا حق دینے کا ضامن ہے اور مذکورہ آئین مذہبی بنیادوں پر کسی کے ساتھ کسی قسم کا امتیاز رکھنے کی اجازت نہیں دیتا۔